مہور //وزیر برائے زراعت غلام نبی لون ہانجورہ نے کہا کہ مخلوط حکومت عوام کے مسائل کا ازالہ بالخصوص دور دراز علاقوں میں رہنے والوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے وعدہ بند ہے ۔ ریاسی ضلع میں مہور علاقے میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں ریاست بھر بالخصوص گذشتہ حکومتوں کی جانب سے نظر انداز کئے گئے علاقوں میں بھاری ترقیاتی پروگرام شروع کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مہور اور ملحقہ علاقوں میں سڑک اور دیگر عوامی اہمیت کی سہولیات کی کمی ہے اور حکومت نے مقامی لوگوں کو درپیش مسائل کا احساس کر کے علاقے میں عوام کے مسائل کا ازالہ کرنے کیلئے بھاری ترقیاتی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ لیا ہے ۔ ہانجورہ نے کہا کہ علاقے کے لوگ 2002 سے 2005 تک مہور میں مرحوم مفتی محمد سعید کی قیادت والی حکومت کی جانب سے بھاری ترقیاتی پروگرام شروع کرنے کو اب بھی یاد کرتے ہیں لیکن سابق حکومتوں نے علاقے کو بُری طرح نظر انداز کیا اور وہ اس وقت مقامی لوگوں کو درپیش مسائل کیلئے ذمہ دار ہیں ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ صرف اُن امیدواروں کو ہی ووٹ دیا کریں جو ان کی بہتر طور قانون ساز اسمبلی میں نمائندگی کر سکیں۔وزیر زراعت نے مقامی آبادی کو حکومت کی جانب سے شروع کی گئی سکیموں بالخصوص زراعت اور اس سے منسلک محکموں کی سکیموں سے استفادہ کرنے کیلئے کہا ۔