وجے پور//وزیر اعظم نریندر مودی مارچ کے مہینے میں ضلع پونچھ کی مینڈھر تحصیل کا دورہ کریں گے جہاں وہ جنگجوئوں کے ہاتھوں مارے گئے فوجی اہلکار اورنگزیب کے گھر جائیں گے ۔اس بات کی جانکاری اورنگزیب کے والد چوہدری محمد حنیف نے دی ۔اورنگزیب کو گزشتہ برس جون میں اس وقت جنگجوئوں نے گاڑی سے اغوا کرنے کے بعد ہلاک کردیاتھا جب وہ پلوامہ سے براستہ مغل شاہراہ اپنے گھر کی طرف جارہاتھا۔وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیارکرنے والے مہلوک اہلکار کے والد چوہدری محمد حنیف نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم نے اورنگزیب کی قربانی کی سراہنا کی اور اسے بتایاکہ وہ اہل خانہ کی ہر ممکن مدد کریں گے اور مارچ 2019کو ذاتی طور پر اس کے گھر آئیں گے ۔دریں اثناء ریٹائرڈ لفٹنٹ جنرل راکیش کمار شرما نے بھی چوہدری حنیف کے ساتھ وجے پور ریلی کے دوران بی جے پی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔