سرینگر//طارق احمد اور مشتاق احمد نامی پرائیویٹ سیکورٹی گارڈز کی نامعلوم افراد کے ہاتھوں ہوئی ہلاکت کے بعد ،جے کے بنک نے مہلوکین کے افراد کنبہ کو ملازمتیں فراہم کیں۔ چیئرمین و سی ای او پرویز احمد نے بھرتی حکمنامے اور 10لاکھ روپے فی کس کی نقدی سرٹیفکیٹ سوگوار کنبوں کو یہاں کارپوریٹ ہیڈ کوارٹر میں پیش کیں ۔یہ رقم بنک سٹاف کے ذریعے جمع کی گئی تاکہ دونوں متاثرہ کنبوں کی فلاح وبہبود ہوسکے ۔ چیئرمین نے اپنی دلی تعزیت ان متاثرہ کنبوں کے ساتھ پیش کی۔انہوں نے کہاکہ یہ سیکورٹی گارڈز اپنے کنبوں کے واحد کفیل تھے اور بنک عملے کی جانب سے متاثرین کیلئے مالی تعاون فراہم کرنا قابل تحسین اقدام ہے ۔اس موقعے پر چیئرمین نے کہاکہ اس طرح کی صورتحال کے دوران سماجی سیکورٹی سسٹم کے قیام کی ضرورت ہے ،کیونکہ بقول ان کے اس طرح کی پریشانیوں میں متاثرہ کنبوں کی بازآبادکاری ممکن ہوسکے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ الطاف احمد شاہ (ایم اے بی ایڈ) مشتاق احمد شاہ کے برادر کو اسسٹنٹ بینکنگ ایسوسی ایٹ جبکہ عمر انوار (مڈل پاس) طارق احمد کے بھائی کو بینکنگ اٹینڈنٹ کے بطور تعینات کیا گیا ۔دونوں افراد کو اس عہد کے ساتھ بھری کیا گیا ہے کہ وہ اپنے والدین اور بھائی بہنوں کو ہمیشہ مدد کریں گے کیونکہ ان کی تعیناتی ایک فرد کو نوکری فراہم کرنے کے بجائے متاثرہ کنبوں کی مدد کے تناظر میں عمل میں لائی گئی ہے ۔دریں اثناء رتنی پورہ کے باشندوں کی درخواست پر انشا بشیر ،جو وہاں بزنس یونٹ میں ایک بدقسمت واقعہ میں جان بحق ہوگئی تھی ،کے کنبے کی بازآبادی کے تحت متوفیہ کے والد بشیر احمد صوفی کوشیف کے بطور تعینات کیا گیا۔اس موقعے پر چیئرمین نے کنبے کو تعیناتی آرڈر پیش کیا۔