غلام نبی رینہ
کنگن// گاندربل ضلع میںان دنوں مگس بانی کا شعبہ سرگرم ہے۔ یہ سیزن جولائی کے مہینے میں شروع ہوتا ہے۔ مگس بانی کا کاروبار کرنے والے افرادشہد کے چھتے جمع کرنے کیلئے مخصوص لکڑی کے ڈبے استعمال کرتے ہیں۔یہ لوگ ان ڈبوں کو پھولوں سے بھرے علاقوں میں رکھتے ہیں تاکہ شہد کی مکھیاں زیادہ سے زیادہ رس جمع کریں۔مقامی مگس بانوں کا کہنا ہے ’’ہم ہر سال ان مخصوص ڈبوںکو جولائی میں باہر رکھتے ہیں جن میں شہد کی مکھیاں قیام کرتی ہیں اور ستمبر کے آخر تک شہد تیار ہو جاتا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس بار پھول زیادہ تھے اور بارش بھی مناسب رہی، اسلئے شہد کا معیار اور مقدار دونوں بہتر ہیں۔ صاف و شفاف ہوا اور پھولوں کی بہتات گاندربل ضلع کو شہد کی مکھیوں کی افزائش کیلئے موزوں مقام بناتے ہیں۔ یہاں تیار ہونے والا شہد نہ صرف مقامی بازار میں فروخت ہوتا ہے بلکہ اسے جموں و کشمیر کے دیگر اضلاع ہی نہیں بلکہ بیرون ریاست بھی فروخت کیا جاتاہے۔ کچھ مگس بان شہدفروخت کرنے کیلئے آن لائن پلیٹ فارموں کا استعمال کرتے ہیں ۔گاندربل کے ریزن ،گگن گیر اورگنڈ ہاکنار میں مگس بان اپنے اس کاروبار کو فروغ دینے میں دن رات کام میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے ان میں سے کئی افراد کو تربیت دی ہے بلکہ کئی نوجوانوں کو کاروبار کھڑا کرنے کیلئے مالی تعاون بھی کیا ہے۔