رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے سرحدی گاؤں مکڑی میں گزشتہ ایک ماہ سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی متواتر طور پر بند ہو گئی ہے، جس کے باعث مقامی لوگوں کو مختلف مشکلات کا سامنا ہے۔ مکڑی گاؤں، جو بھارت پاکستان سرحد کے قریب واقع ہے، میں تقریباً 200 پریوار پینے کے صاف پانی کی کمی کی وجہ سے پریشان ہیں۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے پانی کی سپلائی بند کرنے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی۔ لوگوں نے یہ بھی بتایا کہ نئی پائپ لائنوں کا کام جاری ہے، لیکن پرانی پائپ لائنوں کی موجودگی کے باوجود انہیں پانی فراہم نہیں کیا جا رہا۔مقامی لوگوں نے حکام سے درخواست کی ہے کہ جلد از جلد پانی کی سپلائی بحال کی جائے۔ اس ضمن میں جب اسسٹنٹ انجینئرجل شکتی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ پانی کی سپلائی کے بند ہونے کے معاملے کا نوٹس لیں گے اور فیلڈ سٹاف کو ہدایات دیں گے تاکہ گاؤں میں پانی کی فراہمی فوری طور پر بحال کی جا سکے۔