اشرف چراغ
کپوارہ// ضلع کے مژھل سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو سیکورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا ، جس میں 5 ملی ٹینٹ مارے گئے۔کشمیر زون پولیس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ کپوارہ پولیس کے ذریعہ تیار کردہ ایک مخصوص ان پٹ کی بنیاد پر، مژھل سیکٹر میں ایک انکائونٹر شروع ہوا جس میں 5 دہشت گرد مارے گئے ۔اس میں مزید کہا گیا کہ مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق لشکر طیبہ سے تھا اور ان کی شناخت کی جا رہی ہے۔سینئر سپرانٹنڈنٹ آف پولیس یوگل منہاس نے بتایا کہ علاقے میں دیر شام تک تلاشی مہم جاری تھی تاکہ چھپے ہوئے کسی اور دہشت گرد کا پتہ لگایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ممکنہ دراندازی کے بارے میں ایک مخصوص ان پٹ کی بنیاد پر، متوقع راستوں پر فوج اور پولیس نے مشترکہ طور پر متعدد گھات لگائے تھے۔ ایس ایس پی نے کہا، “مشترکہ گھات لگانے والی ٹیموں نے سرداری نار کے گھنے جنگلات میں دہشت گردوں کی اس طرف نقل و حرکت کا مشاہدہ کیا، جس کے بعد انہیں روکا گیا جس کے نتیجے میں پانچ نامعلوم ملی ٹینٹوں کا خاتمہ ہو گیا۔”انہوں نے کہا کہ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔یاد رہے کہ یکم اکتوبر کو بھی اسی طرح کی دراندازی کی کوشش کو فورسز نے ناکام بنایا تھا جس کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا “انٹیلی جنس ان پٹ ملنے کے بعد، کپوارہ پولیس اور فوج کی 56آر آرنے 25-26 اکتوبر کی درمیانی رات مژھل سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ واقع سرداری نار علاقے میں تیزی سے انسداد دہشت گردی آپریشن شروع کیا۔مشترکہ ٹیم نے علاقے کے گھنے جنگلات میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا مشاہدہ کیا جو دشوار گزار علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گھس آئے تھے۔ مشترکہ ٹیم نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کالعدم دہشت گرد تنظیم ایل ای ٹی سے منسلک پانچ نامعلوم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ انکانٹر کے مقام سے اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا ہے جس میں پانچ اے کے رائفلیں اور دیگر مجرمانہ مواد بھی شامل ہے۔