کپوارہ// حد متارکہ پر واقع مژھل سیکٹر میں جمعہ کی شام برفانی تودے کی زد میں آکر 4اہلکار زندہ دب گئے جس کے بعد فوج نے بچائو کاروائی شروع کی۔معلوم ہو اہے کہ سرحدی ضلع کپوارہ کے مژھل علاقہ میں حد متارکہ کے نزدیک سوناپنڈی گلی کے نزدیک 21راجپوت کے اہلکار ڈیوٹی پر تعینات تھے کہ اس دوران شام کے نزدیک وہا ں ایک بھاری برفانی تودہ گر آ یا جس کی زد میں آکر 4فوجی اہلکار زندہ دب گئے ۔ فوج نے فوری طور بچائو کاروائی شروع کی اور برفانی تودے کی نیچے دبے 4اہلکارو ں کو نکالا گیا جن میں ایک اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو ا جبکہ باقی 3اہلکارو ں کو سرینگر میں واقع 92بیس اسپتال منتقل کیا گیا اورجن میں سے دو اہلکار فوت ہوگئے ۔مرنے والے اہلکاروں کی شناخت حوالدار کملیش کمار،نائک بلبیر اور سپاہی راجندر کے بطور ہوئی جبکہ زخمی اہلکار سپاہی بیپن کی حالت اب مستحکم بتائی جاتی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ 3روز قبل کپوارہ کے بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد سرحدی علاقوں میں پسیا ں گر آنے کے حوالے سے پہلے ہی مطلع کیا گیا تھا اور لوگو ں کو احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی تھی ۔
وزیر اعلیٰ کا اظہار تعزیت
جموں/وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ضلع کپواڑہ کے مثرھل سیکٹر میں تین فوجی جوانوں کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ یہ فوجی جوان برفانی تودے کی زد میں آکر جانبحق ہوئے تھے۔وزیر اعلیٰ نے جان بحق ہوئے فوجی جوانوں کے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔