مژھل سیکٹرمیں دراندازی کی کوشش،2ملی ٹینٹ ہلاک ترال میں دو کمین گاہوں کو تباہ کیا گیا ، کھانے پینے کی اشیاء بر آمد

اشرف چراغ

کپوارہ // کپوارہ میں حد متارکہ پر مژھل سیکٹر میں ہفتہ کو دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دو عدم شناخت ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔اس دوران ترال میں ملی ٹینٹوں کی ایک کمین گاہ تباہ کی گئی۔پولیس کے مطابق ہفتے کی صبح پولیس،اور فوج کو ایک مصدقہ اطلاع ملی کہ مژھل سیکٹر میں ملی ٹینٹوں کا ایک گروپ در اندازی کی کوشش میں ہے۔پولیس نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی حرکات و سکنات کی اطلاع ملنے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لیا گیا اور ملی ٹینٹوں کی دراندازی کی کوشش کا انتظار کیا گیا۔پولیس کے مطابق جوں ہی ملی ٹنٹ اس پار آنے کی کوشش کرنے لگے تو فوج نے انہیں للکارا تاہم ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی ۔ جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جس کے دوران دو ملی ٹنٹ ہلاک کئے گئے ۔پولیس کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹوں سے 2 رائفلیں، 4 میگزین،گولیوں کے رائونڈ،ایک پستول،1پوچ اور تصادم کی جگہ سے 2100 پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی ۔ واقعہ کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کی گئی اور تلاشیاں لی گئیں۔ادھر ترال کے جنگلی علاقے ناگہ بل میں سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کی دو کمین گاہوں کو تباہ کیا۔مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور 42آر آر نے ترال کے ناگہ بل جنگلات اور گوجر بستی گلشن پورہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیاجس دوران دو کمین گاہوں کا پتہ چلا۔ پولیس نے بتایا کہ کمین گاہوں کی تلاشی کے دوران کھانے پینے کی اشیاء اور ایک گیس سلنڈر برآمد ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔