عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑکی دورافتادہ علاقہ سب ڈویژن مڑواہ کی عوام دورجدید میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے جسکے سبب علاقہ کی عوام آج بھی انتظامیہ کے وعدوں کا انتظار کررہی ہے کہ کب علاقے میں طبی سہولیات بہتر ہوسکیں۔ علاقہ ضلع ہیڈکواٹر سے 80 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے جو موسم سرما کے چھ ماہ تک دوسری دنیا سے کٹ کررہ جاتاہے اور لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ جاتے ہیں۔ علاقہ کی عوام کی روز پیدل سفر کرنے کے بعد ضلع ہیڈکواٹر کشتواڑ پہنچتی ہے جبکہ متعدد مریض بروقت علاج میسر نہ ہونے کے سبب راستے میں ہی دم توڑ دیتے ہیں۔علاقہ میں اگرچہ کیمونٹی ہیلتھ سینٹرقایم ہے لیکن اسے چلانے کا کام آج تک ڈاکٹروں نے نہیں کیا بلکہ اسے دیگر طبی عملے نے چلایا جسکے سبب عوام سخت مشکلات سے دوچار ہے ۔اگر کسی وقت ڈاکٹر تعینات ہوا بھی لیکن اسے چھ ماہ بعد ہی کسی دوسری جگہ ٹرانسفر کیا گیایاپھر اگر کوئی ڈاکٹر یہاں تعینات کیا گیاتو اس نے کبھی ان علاقوں میں آنے کو ترجیح نہ دی جسکا خمیازہ یہاں کی عوام کو بھگتنا پڑرہاہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ دونوجوانوں کی موت طبی مراکز میں بروقت علاج میسر نہ ہونے کی سبب ہوئی، اگر یہی حال رہاتو آنے والے مہینوں کے اندر کئی جانیں تلف ہوسکتی ہیں۔ لوگوں نے بتایا کہ جہاں علاقہ میں سبھی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے وہیں طبی نظام بھی ابتر حالت میں ہے جسکا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انکے مطابق علاقہ کی آبادی چالیس ہزار کے قریب ہے لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ اسکے باوجودچند ہی ڈاکٹر اس وقت علاقہ میں موجود ہیں جبکہ ادویات و دیگر سہولیات کا بھی فقدان ہے۔انہوںنے کہاکہ موسم سرما شروع ہونے والا ہے،انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ ہر ممکن سہولیات فراہم کرے تاکہ مریضوں کو مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔ انھوں نے ضلع انتظامیہ ولیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے فوری طور علاقے میں ڈاکٹر تعینات کرنے کا مطالبہ کیا۔ چیف میڈیکل افسر کشتواڑ یعقوب میر نے کشمیر عظمیٰ کو اس ضمن میںبتایا کہ انتظامیہ نے موسم سرما کے چارہ ماہ کیلئے علاقہ جات میں ایمرجنسی ادویات و دیگر سازوسامان بھیجاہے جس میں ادویات، گیس سیلنڈر ،ایمرجنسی کرسیاں و دیگر سامان شامل ہے۔انکے مطابق علاقہ میں 16 ہیلتھ مراکز موجود ہیں جن میں مکمل طور چار ایم بی بی ایس ڈاکٹر جبکہ دو آئی ایس ایم ڈاکٹروں کو تعینات کیا گیا جبکہ واڑون میں بھی چار ڈاکٹر تعینات کئے گئے ہیں اور دیگر طبی عملہ بھی دستیاب رکھا گیاہے۔سی ایم او کے مطابق اسکے علاوہ ہنگامی طور زچگی کیلئے بھی ہیلتھ مراکز میں عملہ رکھاگیاہے اور انھیں ایڈوانس تربیت دی گئی ہے، امسال علاقے کی عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ مشکل حالات میں عوام کو انکی دہلیز پر ہر ممکن سہولیات مل سکے۔
مڑواہ ،واڑون کیلئے ضروری ادویات و دیگر سامان روانہ
عظمیٰ نیوز سروس
کشتواڑ// ڈپٹی کمشنر کشتواڑ ڈاکٹر دیوانش یادونے چیف میڈیکل آفیسر کشتواڑ ڈاکٹر محمد یعقوب میر کی موجودگی میں مڑاوہ اور واڑون میں کیلئے ضروری ادویات اور حرارتی آلات سردیوں سے قبل روانہ کئے۔ تقریب میں ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر بلبیر کمار، بی ایم او دچھن کرشن سنگھ کٹوچ ، ضلع امیونائزیشن آفیسر کشتواڑ ڈاکٹر سجاد کے علاوہ سی ایم او آفس کشتواڑ کے عملے نے بھی شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کشتواڑ نے ضروری ادویات فراہم کرنے پر جموں اینڈ کشمیر میڈیکل سپلائز کارپوریشن کی تعریف کی۔ اس سپلائی سے مڑواہ و واڑون علاقوں کے تقریباً 26,000 رہائشیوں کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔ ، سی ایچ سیڑواہ ، پی ایچ سی افتی اور این ٹی پی ایچ سی انشن کو حرارتی آلات بھیجے گئے ہیںتاکہ اس بات کو یقینی بنایاجاسکے کہ صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات سخت سردی کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے مناسب طریقے سے لیس ہوں ۔