جاوید اقبال
مینڈھر // مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی گائوں بلنوئی میں قائم کردہ گور نمنٹ مڈل سکول ناڑ بلنوئی کی عمارت گزشتہ کئی برسوں سے مکمل ہی نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے سکول میں زیر تعلیم بچوں کو مستقبل خراب ہوتا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مڈل سکول کی 3کمروں پر مشتمل اضافی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد کچھ حد تک کام کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد نا معلوم وجوہات کی بنیاد پر اس کام کو یوں ہی چھوڑ دیا گیا ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ مڈل سکول میں اس وقت 90سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں جبکہ ان کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ کی جانب سے محض2ٹیچروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔
اسی طرح مذکورہ آٹھ جماعتوں کے بچے صرف سکول کی 2کمروں پر مشتمل عمارت میں بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔مقامی پنچایتی اراکین نے بتایا کہ سکول میں رسوئی گھر تعمیر ہی نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے بچوں کا مڈ ڈے میل نظام متاثر ہورہا ہے ۔اسی طرح سکول میں تعمیر کردہ ٹائلٹ کمپلیکس کیلئے نہ تو پانی دستیاب کیاگیا اور اوراس کیلئے بنائے گئے سیپٹک ٹینک میں انتہائی غیر معیاری ساز و سامان کا استعمال کیا گیا تھا جو اس وقت ٹوٹ چکا ہے اور بچے نالے پر جانے کیلئے مجبور ہیں ۔مقامی سرپنچ نے بتایا کہ سکول کی اضافی عمارت کی تعمیر صرف بنیادوں تک ہی محدورہ گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ اعلیٰ حکام سے بھی رجوع کر چکے ہیں لیکن ابھی تک کوئی دھیان نہیں دیاگیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں کوئی متبادل سکول بھی موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے صورتحال مزید ابتر ہو چکی ہے ۔والدین نے محکمہ ایجوکیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان کے بچوں کا مستقبل خراب کیا جارہاہے ۔مقامی پنچایتی اراکین اور عام لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ مڈل سکول کی عمارت کو جلدازجلد مکمل کیا جائے تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔