حسین محتشم
پونچھ//گورنمنٹ مڈل سکول قاضی موھڑہ پونچھ میں پانی کی قلت ہے جس کی وجہ سے سکول میں زیر تعلیم بچے، بچیاں اور اساتذہ کئی طرح کی پریشانیوں سے دوچار ہیں۔اساتذہ کے مطابق ان کے اسکول میں لگائی گئی مڈے میل کا کھانا بنانے والی ملازمہ کے گھر سے پانی آتا ہے جو پینے کے اور کھانا تیار کرنے کے لئے استعمال ہوتاہے۔ سکول میں زیر تعلیم بچوں اور بچیوں نے بتایا کہ سکول کے اوقات میں وہ بیت الخلاء بھی نہیں جا سکتی آدھی چھٹی ہوتی ہے تو اپنے گھر جا کر بیت الخلاء استعمال کرتی ہیں۔سکول میں تعینات ٹیچر ڈاکٹر ریچا شرما اور اعجاز احمد نے بتایا سکولوں میں 90 بچے زیر تعلیم ہیں آٹھ اساتذہ ہیں بچے گھروں سے پینے کاپانی لانے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کے باعث سکولوں میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کئی طرح کی مشکلات سے دو چارہیں کیونکہ دس دس روز تک پانی نہیں آتا ہے اور اگر غلطی سے کسی دن پانی چھوڑا بھی جاتا ہے سکول میں نصب کی گئی ٹینکیوں کی بھی صفائی کا کوئی معقول انتظام نہ ہونے سے انتہائی ناقص اور آلودہ پانی قابلِ استعمال نہیں ہوتا۔اساتذہ کے مطابق اسکول میں دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان بچوں کے لئے صرف دو کلاس روم ہیں جن میں انہیں 11 کلاسوں کو پڑھانا پڑتا ہے جو نہایت ہی مشکل ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیلنے کا میدان بھی نہیں ہے۔ اساتذہ اور طلبہ سمیت والدین نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔