محتشم احتشام
پونچھ//گورنمنٹ مڈل اسکول سہڑی خواجہ، زون سرنکوٹ میں ’سیوا پرو‘ کے تحت ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ نے طلباء میں برتن تقسیم کئے۔ اس موقع پر اسکول کے اساتذہ اور عملے نے طلباء کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سماجی اقدار سے روشناس کرانے پر زور دیا۔تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے اساتذہ نے کہا کہ سیوا پرو کا مقصد طلباء میں سماجی خدمت کے جذبے کو بیدار کرنا اور ان میں ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی زندگی کی تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اساتذہ نے طلباء کو اس موقع پر صفائی ستھرائی، اخلاقی اقدار اور دوسروں کی خدمت کے حوالے سے قیمتی پیغام بھی دیا۔ برتن تقسیم کرنے کا مقصد نہ صرف طلباء کو سہولت فراہم کرنا تھا بلکہ ان میں شکرگزاری اور تعاون کے جذبات کو بھی اجاگر کرنا تھا۔طلباء نے اس تقریب پر خوشی کا اظہار کیا اور اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔ والدین نے بھی اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں بچوں کی ہمہ جہت شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔