عظمیٰ نیوز سروس
جموں//راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ ڈاکٹر موہن بھاگوت شکروار کی شام دیر گئے جموں پہنچے۔ وہ مقامی ہوائی اڈے سے سیدھے جموں و کشمیر کے صوبائی دفتر کیشو بھون پہنچے ۔بھاگوت نے اس سے قبل 2021 میں جموں کا دورہ کیا تھا، اس وقت جموں کے روشن خیال شہریوں کے ساتھ ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا۔ڈاکٹر موہن بھاگوت کی مختلف میٹنگوں کا سلسلہ طے شدہ پروگرام کے مطابق 14 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ 2025 میں سنگھ کے قیام کے 100 سال مکمل ہورہے ہیں اس وقت تک سنگھ کے کام کو بڑھانے کے ہدف پر بھی سربراہ کے موجودہ قیام کے دوران بات چیت ہوگی۔ کل ہونے والے اجلاس میں 38 تنظیموں کے عہدیدار شرکت کریں گے، تنظیموں کے موجودہ ورکنگ سٹیٹس پر بھی غور کیا جائے گا۔ بھاگوت صوبہ جموں کشمیر کے کارکنوں کے ساتھ مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ 14 اکتوبر کو صوبے کے کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔ جس میں جموں و کشمیر میں جاری سنگھ کے کام کا جائزہ لیا جائے گااور شاخاؤں کے ذریعہ کئے جانے والے سماجی کاموں میں بہتری کے تجربات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سنگھ کے اجلاس میں کشتواڑ، راجوری، ادھم پور اور جموں کے کارکنان شرکت کریں گے۔بھاگوت 15 اکتوبر کو جموں کشمیر صوبے میں اپنے قیام کے ایک حصے کے طور پر ایک رابطہ میٹنگ بھی منعقد کریں گے اور کٹھوعہ سٹیڈیم میں کارکنوں کی سبھا کو خطاب کریں گے۔ اس سبھا میں کٹھوعہ، سانبہ، بسوہلی، بلاور کیکارکنان شرکت کریں گے۔اس سے پہلے کٹھوعہ میں ڈاکٹر موہن بھاگوت مکھرجی چوک میں ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرکے مجسمے پر پھول چڑھائیں گے اورسبھا سے خطاب کے بعد قریبی گاؤں جاکھبڑمیں بھارت ماتا کی مورتی کی نقاب کشائی کے بعد مقامی گاؤں والوں سے ملاقات کریں گے۔