جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے چھجلہ علاقہ میں قائم سیگی واٹر لفٹ سکیم کی مشینری میں خرابی آنے کی وجہ سے علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے تاہم مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی کے ملازمین و آفیسر ان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ 20دنوں سے مذکورہ مشینری خراب ہے لیکن محکمہ پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے سنجیدہ ہی نہیں ہے ۔لوگوں نے بتایا کہ بیس سے زائد دن ہو چکے ہیں کہ مذکورہ مشینری کو خراب ہونے کے بعد مرمت کیلئے لے جایا گیا ہے لیکن ابھی تک محکمہ کی جانب سے مشینری کی مرمت ہی نہیں کروائی جا سکی ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ واٹر سپلائی کے زیر تحت اپر چھجلہ کا ایک وسیع علاقہ آتا ہے جبکہ پانی کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے علاقہ مکین بالخصوص علاقہ کی خواتین اور لڑکیاں قدرتی چشموں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گرمی کی وجہ سے قدرتی چشموں پر پانی کی سطح میں نمایاں کمی واقع ہو رہی ہے لیکن محکمہ کی جانب سے سپلائی کو بحال کرنے میں کسی سنجیدگی کا مظاہرہ ہی نہیں کیاجارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں پانی کی سپلائی کیلئے جلدازجلد مشینری کی مرمت کروا کر اُس کو نصب کیا جائے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایس ڈی ایم مینڈھر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اس معاملہ کا سنجیدگی کیساتھ نوٹس لے کر کارروائی عمل میں لائی جائے ۔