عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب وزیر اعلی سریندر کمار چودھری نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی مناسب فراہمی کو بالخصوص سخت موسمی حالات والے علاقوں میں یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہارکشمیر پاور ڈِسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ کی جانب سے موسم سرما کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مسائل کو فوری اور مؤثر طریقے سے حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک فول پروف میکانزم تیار کیا جانا چاہیے تاکہ بجلی کے مسائل کو کم سے کم وقت میں حل کیا جاسکے۔میٹنگ میں کے پی ڈی سی ایل کی طرف سے سردیوں کے مہینوں کے دوران وادی کشمیر میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اَقدامات کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں تیاریوں کے بارے میں ایک تفصیلی پرزنٹیشن بھی پیش کی گئی جس میں خراب موسمی حالات کی وجہ سے ممکنہ رُکاوٹ سے نمٹنے کے لئے اُٹھائے گئے فعال اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ برفباری کی وجہ سے بجلی کی بندش کو کم کرنے کے لئے تمام سب ڈویژنوںمیں بڑے پیمانے پر شاخوں کی کٹائی کا پروگرام جاری ہے۔ مرکزی اور ڈویژنل سطح پر ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمروں (ڈی ٹی) کا مناسب بفرسٹاک محفوظ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈی جی سیٹس کے لئے ضروری مواد اور ہائی سپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کا ذخیرہ کیا گیا ہے تاکہ بلا تعطل آپریشن کو بالخصوص اہم اور دور دراز علاقوں میں یقینی بنایا جاسکے۔میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کے پی ڈی سی ایل نے خرابیوں کو فوری طور پر دور کرنے کے لئے آلات اور گاڑیوں سے لیس خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول روموںکو ایمرجنسی صورتحال کے دوران فوری ردعمل فراہم کرنے کے لئے فعال کیا گیا ہے۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ موسم سرما کے دوران تکنیکی خرابیوں کے امکانات کو کم کرنے کے لئے احتیاطی دیکھ دیکھ کے اقدامات کو تیز کیا گیا ہے۔