موسمی صورتحال بدل گئی | سونہ مرگ ،زوجیلا،امرناتھ گھپا ،پیر کی گلی اور افروٹ میں ہلکی برفباری

سرینگر //محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میںگزشتہ شب ہوئی موسلادھار بارشوں کے بعد سونہ مرگ، زوجیلا، امرناتھ گھپا اور پیر کی گلی کے مقامات پرہلکی برفباری ہوئی ۔ ادھر بارشوں کے بیچ جنوبی ضلع کولگام کے مضافات میں بجلی گرنے سے ہائی ٹیک گرین ہاوس تباہ ہوا۔ محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے بالائی علاقوںمیں ہلکی برفباری اور میدانی علاقوں میں ہلکی اور درمیانہ درجے کی بارش ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔سونہ مرگ، زوجیلا اور پنجترنی میں سنیچر کی شام موسلادھار بارشوں کا سلسلہ تقریباً2گھنٹے تک جاری رہا ۔ سونہ مرگ، زوجیلا اور پنجترنی کے پہاڑی سلسلے میں گذشتہ ہفتے بھی ہلکی برفباری ہوئی تھی۔اسکے علاوہ گلمرگ کے افروٹ پہاڑوں پر بھی برف کی ہلکی پرت بچھ گئی تھی۔ان مقامات پر یہ اس موسم کی دوسری برفباری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں 10.7 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 6.2 ملی میٹر، پہلگام میں 10.6 ملی میٹر، کپوارہ میں 4.2 ملی ،کوکرناگ میں 4.8 ملی میٹر،گلمرگ میں8.8 ملی میٹر،شوپیان 6.0 ملی میٹربارشیں ریکار ڈکی گئی ۔ادھر سرینگر میں مقیم محکمہ موسمیات کے ناظم سونم لوٹس نے بتایا کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم میں مزید تبدیلی آئے گی اور درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی جا سکتی ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ کئی مقامات پر ہلکی برفباری کے ساتھ بارشوں کا بھی امکان ہے۔ادھر گزشتہ شام کولگام کے کیلم علاقے می ایگریکلچر محکمہ کی ہائی ٹیک گرین عمارت پربجلی گرنے سے عمارت کو نقصان پہنچا  ۔