عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// مقامی محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں بھاری برف باری کی پیش گوئی کے پیش نظر ایک ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میںزمینی اور ہوائی نقل و حمل میں خلل پڑنے کا احتمال ہے۔ایڈوائزری میں، علاقائی موسمیاتی مرکز نے کہا کہ 29ویں شام کے بعد سے ایک فعال مغربی ہوائوں کے مرحلے سے جموں و کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں کو متاثر کرنے کا سب سے زیادہ امکان ہے۔
اس سسٹم کے زیر اثر، جموں و کشمیر میں 29 ویں رات اور یکم مارچ سے لے کر 3 مارچ کی دوپہر تک 2 مارچ کو زیادہ سرگرمی کے ساتھ بڑے پیمانے پر درمیانی بارش/ برفباری متوقع ہے۔مذکورہ سسٹم کا اثر جموں ڈویژن کے پیرپنجال رینج اور کشمیر ڈویژن (اننت ناگ-پہلگام، کولگام، سنتھن پاس، شوپیان،پیر کی گلی، سونمرگ،زوجیلا، بانڈی پورہ،رازدان پاس، گلمرگ اور کپواڑہ اور سادھنا ٹاپ) پر پڑے گا۔موسمی سرگرمی قومی شاہراہ اور جموں و کشمیر کے درمیانی اور اونچی رسائی کی دیگر بڑی سڑکوں سمیت سطحی اور ہوائی نقل و حمل میں خلل کا باعث بن سکتی ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے”خطرناک علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے اور پتھر گرنے کے امکانات زیادہ ہیں، کسانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ مارچ کے پہلے ہفتے کے دوران کھیت کے تمام کاموں کو روک دیں‘‘۔