عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ نیتا نند رائے نے کہا کہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کا بھارت ہے، یہاں ملی ٹینسی کیخلاف زیرو ٹالرنس ہے۔انہوں نے ملی ٹینٹوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا’’یہ وزیر اعظم کا ہندوستان ہے،یا تو تم( ملی ٹینٹوں) کو ہلاک ہونا ہے یا پھر جیل یا اپنی زندگی کو لوگوں کی فلاح کیلئے استعمال کرنا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیا بھارت ہے یہاں ملی ٹینسی کیخلاف زیرو ٹالرنس ہے۔انہوں نے کہا ہمارے ملک کی سرحدیں پوری طرح محفوظ ہیں اور جو کوئی بھی سرحدوں سے دراندازی کی کوشش کرتا ہے، سیکورٹی فورسز دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ وزیر مملکت نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت اور حوصلہ افزائی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی رہنمائی میں پیرا ملٹری فورس مضبوط ہوئی ہیں۔ مرکزی وزیر نے بی ایس ایف کی 78ویں بٹالین کے ساتھ وادی گریز میں ہند پاک سرحدی علاقے میں آگے کی چوکیوں کا دورہ کیا۔ جس دوران انہوں نے وہاں سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ اس موقعہ پر انہوں نے وہاں تعینات فوجی اہلکاروں کے ساتھ بات چیت بھی کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی ۔ رائے نے سرحدوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور پاکستان سے لگنی والی سرحد کے اُس پار ہو رہی حرکات اور کارورائیوں کی جانکاری حاصل کر لی ۔ اس موقعہ پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ ہمارے جوان ملک کی سرحدوں کی حفاظت میں مصروف ہیں، اسی وجہ سے ہم وطن محفوظ ہیں۔