یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے پیرس پیرا اولمپکس کے تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں سے جمعرات کو ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، انہیں مبارکباد دی اور کھیلوں کے تجربے کے بارے میں جاننے کے لیے ان سے بات کی۔اس دوران پیرس پیرالمپکس میں تمغے جیتنے والے ہندوستانی کھلاڑیوں نے مودی کو ٹی شرٹس، جوتے اور تیر جیسی اشیا بطور تحفہ پیش کیں۔ پیرا آرچر ہرویندر سنگھ نے اپنا تیر وزیر اعظم مودی کو پیش کیا۔اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا نے وزیر اعظم مودی اور پیرا اولمپئینز کے ساتھ ملاقات کا ویڈیو شیئر کیا۔ ان ویڈیوز میں وزیر اعظم پیرالمپئن میڈل جیتنے والوں کو مبارکباد دیتے اور بات کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس دوران مرکزی وزیر کھیل منسکھ منڈاویہ اور پیرا اولمپک کمیٹی آف انڈیا کے سربراہ دیویندر جھاڑیا بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کھیل کے دوران کھلاڑیوں کے تجربات سے بھی آگاہ کیا۔قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں ختم ہوئے پیرس پیرا اولمپک گیمز میں ہندوستان نے 29 تمغے جیتے ہیں جن میں سات سونے، نو چاندی اور 13 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔