مودی کی قیادت میں ملک درست سمت میں :امیت شاہ ’ایک ملک ایک الیکشن‘کا نظام اسی حکومت میں نافذ کیا جائے گا

یو این آئی

نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کے 74ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے ‘خدمت کے پندرہ ایام’ کے طور پر منائے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی قیادت میں ملک درست سمت، رفتار اور نفاذ سے محفوظ بن کر دنیا میں بڑی معاشی اور سیاسی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے۔ امت شاہ نے ریلوے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر اشونی ویشنو کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا “آج وزیر اعظم مودی کا یوم پیدائش ہے۔ ملک بھر میں متعدد تنظیموں نے ان کی سالگرہ کو ‘خدمت کے پندرہ ایام’ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم جیسے بہت سے کارکن 17 ستمبر سے 2 اکتوبر تک 15 دن ملک بھر میں ضرورت مندوں کی خدمت میں مصروف رہیں گے۔”انہوں نے کہا کہ 60 سال بعد پہلی بار ملک میں سیاسی استحکام کا ماحول بنا ہے اور ہم نے پالیسیوں کے تسلسل کا بھی تجربہ کیا ہے۔ 10 سال تک پالیسیوں کی سمت، پالیسیوں کی رفتار اور پالیسیوں کے درست نفاذ کے بعد 11ویں سال میں داخل ہونا بہت مشکل کام ہے۔ایک سوال کے جواب میں شاہ نے کہا کہ مردم شماری کا کام بہت جلد شروع کر دیا جائے گا۔ ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کرانے سے متعلق سوال پر کوئی واضح اعلان کرنے کے بجائے انہوں نے کہا کہ جب مردم شماری کرانے کا اعلان ہو گا تو اس وقت تمام چیزوں پر بات ہو گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسی حکومت کے دور میں ایک ملک ایک الیکشن کا نظام نافذ کیا جائے گا۔