یو این آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی کی تیسری وزارتی کونسل میں اتحادیوں کے 20 سے زیادہ نئے چہرے جدت کا عنصر لائیں گے، جبکہ اہم وزارتوں میں پرانے تجربہ کار چہرے اس کی رفتار میں اضافہ کریں گے۔باخبر ذرائع کے مطابق مودی اور ان کی وزارتی کونسل کے 40 سے زیادہ اراکین اتوار کو تقریباً 7بجکر 15منٹ پر راشٹرپتی بھون میں حلف لیں گے۔ ان کے ساتھ پارلیمنٹ میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی اتحادی جماعتوں کے 20 سے زائد اراکین بھی وزراء، وزرائے مملکت (آزادانہ چارج) اور وزرائے مملکت کے طور پر حلف لیں گے۔اطلاعات کے مطابق این ڈی اے کی سب سے بڑی اتحادی تیلگو دیشم پارٹی کو کابینہ میں تین اور جنتا دل یونائیٹڈ کو دو سیٹیں مل سکتی ہیں۔ باقی جماعتوں کو ایک ایک جگہ دینے کی بات ہو رہی ہے۔ ایسے میں مودی کی کابینہ میں تجربہ اور اختراع کا امتزاج نظر آنے کا امکان ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے نئے چہروں میں مدھیہ پردیش، کیرالہ، اڈیشہ، آندھرا پردیش اور کرناٹک کے کچھ پرانے تجربہ کار چہرے بھی ہوں گے۔وزارت داخلہ، دفاع، خزانہ، امور خارجہ، ریلوے، روڈ ٹرانسپورٹ، اطلاعات و نشریات، شہری ہوا بازی جیسی وزارتیں بھارتیہ جنتا پارٹی کے پرانے بڑے چہروں کے پاس رہنے کا امکان ہے، جب کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، سماجی انصاف اور بااختیار بنانے کی وزارتیں، زراعت ، دیہی ترقی، بھاری صنعت، صنعت و تجارت وغیرہ میں بی جے پی اور اتحادیوں کے نئے چہرے نظر آئیں گے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ پرانی کابینہ کے وزراء کے ساتھ اتحادیوں کے وزرائے مملکت بھی بڑی وزارتوں میں نظر آئیں۔قابل ذکر ہے کہ مودی نے کل ہی اس کا اشارہ دیا تھا۔ راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے ذریعہ حکومت سازی کی دعوت دیٔے جانے کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ ملک کو اب ان کے اور ان کی ٹیم کے 10 سال تک حکومت چلانے کے تجربے کا اگلے پانچ سال تک پورا فائدہ ملے گا اور حکومت تیزی سے کام کرے گی۔انہوں نے کہا “2014 میں، میں نیا تھا، اب مجھے تجربہ ہو گیا ہے۔ ہندوستان کی عالمی امیج کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اب ہونا شروع ہو گا۔ مودی نے کہا ‘یہ پانچ سال عالمی ماحول میں بھی اہم ہوں گے۔ دنیا ایک بحران سے گزر رہی ہے، دنیا نے طویل عرصے کے بعد ایسی خوفناک صورتحال دیکھی ہے۔ ہر ملک کو خوف کے ساتھ چیلنج کا سامنا ہے۔ اتنے بحران کے باوجود ہم سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت کے طور پر ابھرے ہیں۔ اب ایک مستحکم حکومت اور پختہ قیادت سے نوجوان نسل اور ریاستوں کو فائدہ پہنچے گا۔
اور عالمی شرکت کا ماحول پیدا ہونے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں لوک سبھا آزادی کے امرت مہوتسو کے بعد پہلی لوک سبھا ہے اور ایک طرح سے یہ نوجوان توانائی اور کچھ کرنے والی لوک سبھا ہونے جا رہی ہے۔ انہوں نے اہل وطن سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی حکومت کو تیسری بار ملک کی خدمت کا حکم اور موقع دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ہم وطنوں کو یقین دلاتے ہیں کہ گزشتہ دو ادوار میں ملک نے تیز رفتاری سے ترقی کی ہے اور معاشرے کے ہر طبقے میں تبدیلیاں نظر آرہی ہیں۔ اس دور میں بھی حکومت اسی تیزی اور لگن کے ساتھ ملک کی امیدوں اور امنگوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت ملک کے عام لوگوں کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے کوشاں رہے گی اور مقررہ مدت میں اہداف حاصل کرنے کے لیے توانائی اور وسیع وژن کے ساتھ کام کرے گی۔
حلف لینے سے قبل | راج گھاٹ کا دورہ کریں گے
یو این آئی
نئی دہلی// اتوار کے روز وزیر اعظم عہدہ کا حلف لینے سے پہلے نریندر مودی وار میموریل ، سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی سمادھی سدیو اٹل اور مہاتما گاندھی کی سمادھی راج گھاٹ پر خراج عقیدت پیش کریں گے۔ذرائع کے مطابق مودی صبح7:30 بجے انڈیا گیٹ پر واقع نیشنل وار میموریل جائیں گے اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔اس موقع پر تینوں افواج کے اعلیٰ افسران بھی نیشنل وار میموریل پر موجود ہوں گے۔ مودی کو نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی پارلیمانی پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔ صدر دروپدی مرمو اتوار کی شام انہیں وزیر اعظم کے عہدہ کا حلف دلائیں گے ان کے ساتھ ان کی وزرائکونسل کے کچھ ارکان بھی حلف لیں گے۔