یو این آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے مسعود پیزیشکیان کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ ہندوستان ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا’’ڈاکٹر پیزیشکیان کو اسلامی جمہوریہ ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد۔ ہمارے لوگوں اور خطے کے فائدے کیلئے ہمارے گرمجوشی اور طویل مدتی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی امید ہے‘‘۔ایران سے میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں اصلاح پسند صدارتی امیدوار مسعودپیزیشکیان نے بنیاد پرست سعید جلیلی کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ڈاکٹر پیزیشکیان کو 53۔3 فیصد ووٹ ملے۔اس دوران وزیر اعظم نے ہفتہ کو برطانیہ کی لیبر پارٹی کے رہنما کیر اسٹارمر کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر فون کرکے مبارکباد دی اور بات چیت میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ مودی نے اسٹارمر کو جلد ہی ہندوستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے اور دونوں لیڈرایک دوسرے کے ساتھ باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے پر متفق ہوئے۔وزیر اعظم کے دفتر نے یہاں ایک ریلیز میں کہا کہ مودی نے وزیر اعظم اسٹارمر سے فون پر بات کی اور انہیں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے اور برطانیہ کے انتخابات میں ان کی پارٹی کی زبردست جیت پر مبارکباد دی۔