عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی کو بدھ کے روز جزیرہ نما ملک موریشس میں ایک تقریب میں صدر دھرم گوکھول کے ذریعہ موریشس کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز’دی گرینڈ کمانڈر آف دی آرڈر آف دی اسٹار اینڈ کی آف دی بحر ہند‘سے نوازا گیا۔ایوارڈ کو قبول کرتے ہوئے مودی نے کہا’’میں موریشس کے اعلیٰ ترین قومی اعزاز سے نوازے جانے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ صرف میرا اعزاز نہیں ہے، یہ 1.4 بلین ہندوستانیوں کا اعزاز ہے۔ یہ ہندوستان اور موریشس کے درمیان صدیوں پرانے ثقافتی اور تاریخی رشتوں کا خراج ہے۔ یہ علاقائی امن، ترقی، سلامتی اور پائیدار ترقی کے لیے ہمارے مذکورہ عزم کا اعتراف ہے اور یہ عالمی جنوب کی مشترکہ امیدوں اور امنگوں کی علامت ہے‘‘۔ مودی یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی ہیں۔ وہ اپنے موریشین ہم منصب نوین چندر رامگولم کی دعوت پر دو دن کے لیے جزیرے کا دورہ کر رہے ہیں۔ہندوستان کے خارجہ سکریٹری وکرم مصری نے کہا کہ موریشس کے ساتھ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موریشس کے ساتھ باضابطہ وفود کی سطح پر بات چیت میں دو طرفہ تعلقات اور ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے ایک بہتر اسٹریٹجک شراکت داری کیلئے ایک مشترکہ نقطہ نظر اپنایا ہے۔مصری نے کہا’’ یہ ہماری شراکت داری کو سٹریٹجک شراکت داری کی سطح پر لے جاتا ہے۔ یہ اس طرح کی پہلی شراکت ہے جو ہندوستان نے اپنے پڑوس میں کسی بھی ملک کے ساتھ انجام دی ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا ’’ 8مفاہمت ناموں(ایم او یوز) پر دستخط ہوئے ۔ وزیر اعظم نے موریشس پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کے لیے ہندوستان کی حمایت کا بھی اعلان کیا‘‘۔اپنی روانگی کے بیان میں مودی نے کہا’’موریشس ایک قریبی سمندری پڑوسی، بحر ہند میں ایک اہم شراکت دار اور افریقی براعظم کا گیٹ وے ہے۔ ہم تاریخ، جغرافیہ اور ثقافت سے جڑے ہوئے ہیں۔ گہرا باہمی اعتماد، جمہوریت کی اقدار میں مشترکہ یقین اور ہمارے تنوع کا جشن ہماری طاقتیں ہیں۔ لوگوں سے لوگوں کا قریبی اور تاریخی رابطہ مشترکہ فخر کا ذریعہ ہے‘‘۔