یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی 16سے 21نومبر تک نائجیریا، برازیل اور گیانا کا دورہ کریں گے۔ وزارت خارجہ کے مطابق، وزیر اعظم مودی وفاقی جمہوریہ نائیجیریا کے صدر بولا احمد تینوبو کی دعوت پر 16-17نومبر تک نائجیریا کا دورہ کریں گے۔ 17سالوں میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا نائجیریا کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ دورے کے دوران، وزیر اعظم ہندوستان اور نائیجیریا کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کا جائزہ لیں گے اور دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے دیگر طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ مودی نائیجیریا میں ہندوستانی کمیونٹی کے ایک اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔ ہندوستان اور نائیجیریا بڑھتے ہوئے اقتصادی، توانائی اور دفاعی تعاون کے ساتھ 2007سے تزویراتی شراکت دار ہیں۔ 200سے زیادہ ہندوستانی کمپنیوں نے نائجیریا میں کلیدی شعبوں میں 27بلین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ہندوستان اور نائجیریا کے درمیان بھی مضبوط ترقیاتی تعاون کی شراکت داری ہے۔وزیر اعظم 18-19نومبر کو ریو ڈی جنیرو کا دورہ کریں گے جہاں وہ جی 20سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جس کی میزبانی برازیل کی وفاقی جمہوریہ کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا کریں گے۔ ہندوستان برازیل اور جنوبی افریقہ کے ساتھ جی 20ٹرائیکا کا حصہ ہے اور جاری جی 20سربراہی اجلاس کے مباحثوں میں فعال طور پر تعاون کر رہا ہے۔وزیر اعظم گیانا کوآپریٹو ریپبلک آف گیانا کے صدر محمد عرفان علی کی دعوت پر 19سے 21نومبر تک گیانا کا سرکاری دورہ کریں گے۔ گیانا کا یہ دورہ 1968کے بعد کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا پہلا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل 2023میں صدر عرفان علی نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ وہ مدھیہ پردیش کے اندور میں منعقدہ 17ویں پرواسی بھارتیہ دیوس میں مہمان خصوصی تھے۔