عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
ممبئی //وزیر اعظم نریندر مودی نے مہاراشٹر کے واشم میں کسانوں کو بڑا تحفہ دیا۔ انہوں نے زراعت اور مویشی پالنے سے متعلق کئی اسکیمیں شروع کیں اور پی ایم کسان سمان ندھی کی 18ویں قسط بھی جاری کی۔ اس دوران انہوں نے زراعت اور بنجارہ برادری سے متعلق پروگراموں سے خطاب کیا۔ پی ایم مودی نے کہا کہ نوراتری کے مبارک موقع پر انہیں وزیر اعظم کسان سمان ندھی کی 18ویں قسط جاری کرنے کا موقع ملا ہے۔ مودی نے کہا کہ مہاراشٹر کی ڈبل انجن حکومت یہاں کے کسانوں کو دوہرا فائدہ دے رہی ہے۔ پوہرا دیوی کے آشیرواد سے انہیں لاڈکی بہن یوجنا کے استفادہ کنندگان کی مدد کرنے کا موقع ملا ہے، اس اسکیم سے خواتین کی طاقت کا احترام بڑھ رہا ہے۔ مودی نے مہاراشٹر کے کسانوں کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے کسانوں کو کئی دہائیوں سے بڑے بحران کا سامنا ہے۔ مودی نے کانگریس کو بھی نشانہ بنایا اور برطانوی حکومت کی طرف سے بنجارہ برادری کے ساتھ ہونے والے مظالم کا ذکر کیا۔