یو این آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی 13 سے 15 ستمبر تک میزورم، منی پور، آسام، مغربی بنگال اور بہار کا دورہ کریں گے ۔ وہ 13 ستمبر کو میزورم کا دورہ کریں گے اور صبح تقریباً 10 بجے ایزول میں 9000 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح کریں گے ۔ وہ اس موقع پر جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے ۔ بعد ازاں وزیر اعظم منی پور کا دورہ کریں گے اور تقریباً 12:30 بجے چوراچاند پور میں 7,300 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ اس موقع پر وہ اجتماع عام سے خطاب بھی کریں گے ۔ اس کے علاوہ، وہ تقریباً 2:30 بجے امپھال میں 1,200 کروڑ روپے سے زیادہ لاگت کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ وزیر اعظم اس کے بعد آسام کا دورہ کریں گے اور تقریبا شام 5 بجے گوہاٹی میں بھارت رتن ڈاکٹر بھوپین ہزاریکا کے 100ویں یوم پیدائش کی تقریبات میں شرکت کریں گے ۔ اس موقع پر وہ مجمع عام سے خطاب بھی کریں گے ۔ وزیر اعظم 14 ستمبر کو آسام میں 18,530 کروڑ روپے سے زیادہ کے بنیادی ڈھانچے اور صنعتی ترقی کے بڑے منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے ۔وہ آسام بائیو ایتھنول پرائیویٹ لمیٹڈ، گولا گھاٹ میں، تقریباً دوپہر 1:45 پر نومالی گڑھ ریفائنری پلانٹ کا افتتاح کریں گے ۔ وہ گولا گھاٹ میں پولی پروپیلین پلانٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے ۔ وزیر اعظم 15 ستمبر کو مغربی بنگال کا دورہ کریں گے اور 16ویں کمبائنڈ کمانڈرز کانفرنس-2025 کا کولکاتہ میں، صبح تقریباً 9:30 بجے افتتاح کریں گے ۔ اس کے بعد وزیر اعظم بہار کا دورہ کریں گے اور تقریباً دوپہر 2:45 بجے پورنیہ ہوائی اڈے کی نئی ٹرمینل عمارت کا افتتاح کریں گے ۔ مزید برآں، وہ پورنیہ میں تقریباً 36,000 کروڑ روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح کریں گے اور اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ وہ بہار میں قومی مکھانہ بورڈ کا بھی آغاز کریں گے ۔ وزیر اعظم ایزول میں 9000 کروڑ روپے سے زیادہ لاگت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح کریں گے ۔ یہ منصوبے ریلوے ، شاہراہ، توانائی، کھیل سمیت متعدد شعبوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہیں۔ عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے اور آخری میل تک رابطے کی فراہمی کے تئیں اپنی عہد بندی کے مطابق وزیر اعظم 8,070 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت سے تعمیر شدہ بیرابی-سائرنگ نئی ریلوے لائن کا افتتاح کریں گے ، جو میزورم کی راجدھانی کو پہلی بار ہندوستانی ریلوے نیٹ ورک سے جوڑے گی۔ دشوار گزارپہاڑی علاقے میں تعمیر کردہ ریل لائن پروجیکٹ میں پیچیدہ ارضیاتی حالات میں 45 سرنگیں تعمیر کی گئی ہیں۔ مزید برآں، اس میں 55 بڑے پل اور 88 چھوٹے پل بھی شامل ہیں۔ میزورم اور ملک کے باقی حصوں کے درمیان براہ راست ریلوے رابطے سے خطے کے لوگوں کو محفوظ، موثر اور کفایتی سفر کا متبادل ملے گا۔ یہ غذائی اجناس، کھادوں اور دیگر ضروری اشیاء کی بروقت اور قابل اعتماد فراہمی کو بھی یقینی بنائے گا، اس طرح مجموعی لاجسٹک کارکردگی اور علاقائی رسائی میں اضافہ ہوگا۔ وزیر اعظم اس موقع پر تین نئی ایکسپریس ٹرینوں، سائرنگ (ایزول) – دہلی (آنند وہار ٹرمینل) راجدھانی ایکسپریس، سائرنگ-گوہاٹی ایکسپریس اور سائرنگ-کولکاتہ ایکسپریس کو بھی ہری جھنڈی دکھائیں گے ۔ ایزول کو اب راجدھانی ایکسپریس کے ذریعے دہلی سے براہ راست جوڑا جائے گا۔ سائرنگ-گوہاٹی ایکسپریس میزورم اور آسام کے درمیان نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرے گی۔ سائرنگ-کولکاتہ ایکسپریس میزورم کو براہ راست کولکاتہ سے جوڑے گی۔ اس بہتر رابطے سے اسپتالوں، یونیورسٹیوں اور بازاروں تک رسائی میں بہتری آئے گی، اس طرح پورے خطے میں تعلیمی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات مضبوط ہوں گے ۔ اس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور خطے میں سیاحت کو نمایاں طور پر فروغ ملے گا۔