نئی دہلی //کانگریس نے مودی حکومت پر ملک کی سیکورٹی سے سمجھوتہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے تعلق سے اس کی پالیسی اور نیت صاف نہیں ہے اس لئے سرحد پر دراندازی رک نہیں رہی ہے اور جوان مارے جا رہے ہیں۔ کانگریس کے سینئر ترجمان منیش تیواری نے نامہ نگاروں سے کہاکہ مودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سرحد پار سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی ہورہی ہے اور دراندازی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس برس اس طرح کے اب تک 900واقعات ہوچکے ہیں جبکہ 2014میں 583، 2015 میں 400اور 2016میں 450واقعات ہوئے تھے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی اقتدار میںآنے سے پہلے دعوی کرتے تھے کہ ان کی حکومت بننے کے بعد پاکستان کی طرف سے پرندہ بھی پر نہیں مار سکے گا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر پاکستان کو سبق سکھانے کی بات کرتے تھے لیکن اب پاکستان کے تعلق سے اس کے پاس کوئی پالیسی ہی نہیں ہے اور نیت بھی ٹھیک نہیں ہے۔ پہلے پاکستان کے تعلق سے جو بیان دیئے گئے تھے اس سمت میں کچھ نہیں ہوا ہے اس لئے صاف ہے کہ وہ بیان گمراہ کرنے اور سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے دیئے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے تعلق سے حکومت کی کوئی پالیسی ہے تو وہ کامیاب کیوں نہیں ہورہی ہے۔ حکومت کو سمجھنا چاہئے کہ صرف تقریرسے قومی سلامتی نہیں چلتی۔ اس کے لئے پالیسی چاہئے لیکن اس کے پاس پالیسی ہی نہیں ہے، مودی حکومت کی اس کمزوری کا خمیازہ ملک کے جوانوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔یو این آئی