انجار (گجرات)//کانگریس صدر کے عہدے کے لئے نامزدگی کے بعد گجرات کے پہلے انتخابی دورے پر آنے والے راہل گاندھی نے آج دعوی کیا کہ مودی حکومت کے کئی بڑے گھوٹالے آنے والے وقت میں عوام کے سامنے آئیں گے ۔ انہوں نے آج ضلع کچھ کے انجار میں ایک انتخابی ریلی میں کہا کہ رافیل جنگی طیارہ سودے اور بی جے پی صدر امت شاہ کے بیٹے جے شاہ کی کمپنی کے گھوٹالے تو بس شروعات ہیں۔ آنے والے وقت میں ان سے بڑے گھوٹالے ملک اور گجرات کے عوام کے سامنے آئیں گے ۔ مسٹر راہل گاندھی نے رافیل سودے پر دوبارہ مسٹر مودی سے تین سوال پوچھے اور نوٹ بند¸ اور جی ایس ٹی سے پیدا ہوئی افراتفری کے درمیان جے شاہ کی کمپنی کا کاروبار 50 ہزار روپے سے چند ماہ میں بڑھ کر 80 کروڑ ہونے کی بات بھی دوہرائی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان معاملات کی پارلیمنٹ میں گجرات انتخابات کے دوران بحث نہ ہو اور عوام اسے نہ سن سکیں، اسی لیے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کو گجرات انتخابات کے بعد تک ٹال دیا گیا۔ مسٹر راہل گاندھی نے مسٹر مودی سے گجرات میں 50 لاکھ گھر بنانے ، گجرات کے تعلیم کے معاملے میں 26 ویں مقام پر کھسکنے ، صنعت کاروں سے مہنگی بجلی خریدنے اور ریاست پر قرض بڑھ کر ڈھائی لاکھ کروڑ ہو جانے کے بارے میں اپنے چار پرانے سوال دوھرا ئے اور بی جے پی سے ان میں سے کسی ایک کا بھی جواب دینے کا چیلنج کیا۔ مسٹر گاندھی نے کہا کہ 22 سال بعد گجرات میں کانگریس کی حکومت بنے گی اور لوگوں کو ایک فرق محسوس ہوگا۔