عظمیٰ نیوز سروس
ادھم پور//ادھم پور انتظامیہ اور مقامی اداروں کو عوامی سہولیات کی بروقت اور بغیر کسی رکاوٹ کے فراہمی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جانی چائیے ۔ان خیالات کا اظہار مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) سائنس اور ٹیکنالوجی ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ادھم پور میں عوامی مسائل کا جائزہ لینے کے دوران کیا ۔ڈپٹی کمشنر سلونی رائے، ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران اور پی آر آئی کے ایک درجن سے زائد نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پانی کی قلت، بجلی کی بندش، خستہ حال سڑکوں اور غیر مجاز عوامی مسائل جیسے دباؤ کے فوری ازالے کے لئے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے عوامی مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت عوام کی خدمت کے لئے پرعزم ہے اور اس کے تمام اقدامات معاشرے کے تمام طبقات کے لئے زندگی کی آسانی کو یقینی بنانے پر مرکوز ہیں۔مرکزی وزیر نے تصدیق کی کہ نیشن فرسٹ کے منتر کے ساتھ مودی حکومت کا گورننس ماڈل جن بھاگیداری اور سنکلپ سے سدھ کے جذبے سے سرشار ہے۔ مرکزی وزیر نے ڈی ڈی سی پر زور دیا کہ وہ عوامی شکایات اور مطالبات کے ازالے میں اپنا کردار ادا کریں۔ضلع کے متعدد علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں کے ذریعہ بار بار بجلی کی بندش کے مسئلہ پر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ہدایت جاری کی کہ محکمہ بجلی کے متعلقہ عہدیداروں کو موقع پر اسیسمنٹ کرنے اور مسئلہ کو حل کرنے کے لئے دورہ کرنا چاہئے اوراس بات کو یقینی بنایا جانا چاہئے کہ بجلی کی بندش کی وجہ سے شدید گرمی میں عوام کو کم تکلیف کا سامنا کرنا پڑے۔اسی طرح وزیر موصوف نے خستہ حال سڑکوں کی مرمت اور دیہی علاقوں میں دیگر سڑکوں کی میکاڈمائزیشن پر زور دیا تاکہ رابطے کو بہتر بنایا جا سکے اور حادثات کو روکا جا سکے۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کو خدمات کی بہتر فراہمی کے لئے اسٹیک ہولڈرز بشمول پنچایتی اراکین کے ساتھ قریبی تال میل میں کام کریں۔ انہوں نے افسران کو مقامی لوگوں کے ساتھ رابطے میں رہنے، متاثرہ علاقوں کا باقاعدگی سے دورہ کرنے اور دور دراز کے دیہاتوں میں بیداری کیمپوں کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی تاکہ لوگوں کو صفائی، رہائش اور تعلیم سے متعلق اسکیموں کے فوائد کے بارے میں معلومات حاصل ہوں۔