یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی پیر کو نئی دہلی میں واقع بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے ہیڈکوارٹر میں پارٹی کے ‘سنگٹھن پرو، سدسیتا ابھیان 2024’ کا افتتاح کریں گے۔اس موقع پر پارٹی کے صدر جے پی نڈا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ، سڑک اور ٹرانسپورٹ کے وزیرنتن گڈکری سمیت پارٹی کے تمام اعلی رہنما موجود رہیں گے۔پارٹی کی ممبر شپ مہم کا پہلا مرحلہ 2 سے 25 ستمبر اور دوسرا مرحلہ یکم سے 15 اکتوبر تک چلے گا۔ اس کے بعد پارٹی کی فعال ممبرشپ مہم 16سے 31اکتوبر تک چلے گی۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ونود تاوڑے نے کہا’’ممبرشپ مہم 2024 ملک کے تمام دلچسپی رکھنے والے شہریوں کیلئے بی جے پی میں شامل ہونے اور ملک کی ترقی میں قدم بہ قدم اپنا حصہ ڈالنے کا ایک بہترین موقع ہے‘‘۔قابل ذکر ہے کہ بی جے پی نے 17 اگست کو ممبر شپ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ مسٹرتاوڑے نے کہا، “اس ممبرشپ مہم کا بنیادی مقصد لوگوں کو بی جے پی کے ملک کی تعمیر کے جذبے، پارٹی کے نظریہ اور 2047تک ہندوستان کو ایک مکمل ترقی یافتہ ملک بنانے کے منصوبے سے جوڑنا اور منظم کرنا ہے‘‘۔پارٹی ذرائع کے مطابق 8800002024 نمبر پر مس کال کر کے، نمو ایپ، کیو آر کوڈ اور روایتی درخواست فارم کے ذریعے پرائمری ممبر شپ حاصل کی جا سکتی ہے، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ محدود موبائل کوریج والے علاقوں یا بغیر موبائل فون والے لوگ شرکت کر سکیں۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی نے قومی سطح سے لے کر ریاست، شہر، گاں اور بوتھ سطح تک اپنی موجودگی کو وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔