عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کے ہسپلوٹ علاقے کے رہائشی جاوید کوہلی ولد محمد بشیر نے بدھ کی صبح تقریباً چھ بجے شاہدرہ پل کے قریب نصب ایک موبائل ٹاور پر چڑھ کر خودکشی کی دھمکی دے دی۔ نوجوان نے سوشل میڈیا پر لائیو نشریات کے دوران پولیس پر اپنے خلاف درج مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر یہ مقدمات خارج نہ کئے گئے تو وہ ٹاور سے چھلانگ لگا دے گا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی سول و پولیس انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی، جن میں ایس ڈی ایم تھنہ منڈی سید عابد حسین شاہ، تحصیلدار تھنہ منڈی سید مظہر علی شاہ اور دیگر افسران شامل تھے۔ پولیس نے جاوید کوہلی کو ٹاور سے نیچے آنے پر آمادہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی اور لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اسے یقین دہانی کرائی کہ اس کے جائز مطالبات پر غور کیا جائے گا۔ صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے راجوری سے ایس ڈی آر ایف کی خصوصی ٹیم کو طلب کیا گیا، جس کی قیادت میڈم جبین لون کر رہی تھیں۔ اس کے علاوہ ایمبولینس اور فائر سروس کا بندوبست بھی کر لیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔ میڈم جبین لون اور ایس ڈی ایم سید عابد حسین شاہ اور تحصیلدار سید مظہر علی شاہ نے جاوید کوہلی سے متعدد بار اپیل کی کہ وہ اپنی زندگی کو خطرے میں نہ ڈالے اور نیچے آ جائے۔ اس کے بعد جاوید کے بیوی اور بچوں کو بھی لایا گیا۔ انہوں نے بھی اس سے اپیل کی کہ وہ نیچے اتر آئے تاہم جب وہ نہ مانا تو ایس ڈی آر ایف کے جوان موبائل ٹاور پر چڑھ گئے۔ جیسے ہی ٹیم کے اہلکار جاوید کے قریب پہنچے، اس نے ہاتھا پائی شروع کر دی لیکن ماہر اہلکاروں نے اسے قابو میں کر کے رسیوں سے باندھ کر بحفاظت نیچے اتار لیا۔ ریسکیو کے فوراً بعد جاوید کوہلی کو طبی معائنے کے لئے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی صحت کو مستحکم قرار دیا گیا۔ بعد ازاں، اسے مزید تفتیش کے لئے انتظامیہ کی تحویل میں دے دیا گیا تاکہ واقعے کی مکمل چھان بین کی جا سکے۔ اس کامیاب ریسکیو آپریشن پر مقامی عوام نے میڈم جبین لون، ایس ڈی ایم سید عابد حسین شاہ تحصیلدار سید مظہر علی شاہ اور ایس ڈی آر ایف کی پوری ٹیم کی بھرپور تعریف کی۔ عوام نے اپیل کی کہ گھریلو یا قانونی مسائل کو حل کرنے کے لئے خودکشی جیسے انتہائی اقدامات نہ کئے جائیں، بلکہ گفت و شنید کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جائے۔ یہ واقعہ انتظامیہ کی فوری کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کا ایک بہترین نمونہ تھا، جس کے باعث ایک قیمتی جان کو بچایا جا سکا۔ جس کے لئے میڈم جبین لون اور ایس ڈی ایم تھنہ منڈی سید عابد حسین شاہ اور تحصیلدار تھنہ منڈی سید مظہر علی شاہ بطور خاص مبارکبادی کے مستحق قرار پائے۔