سمت بھارگو
راجوری //جموں و کشمیر پولیس کے کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) نے راجوری پولیس کے ساتھ مل کر راجوری کے بدھل کے دراج گاؤں سے ایک موبائل فون باکس پر مبنی دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس (آئی ای ڈی) برآمد کیا۔دھماکہ خیز مواد کو پولیس کے بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) نے جائے وقوعہ پر تباہ کر دیا ہے۔اس آئی ای ڈی کی برآمدگی ایک کیس کی تفتیش کے دوران کی گئی ہے جو سی آئی ڈی سی آئی جموں پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا ہے، جسے جے آئی سی پولیس اسٹیشن بھی کہا جاتا ہے، راجوری ضلع کے علاقوں میں حالیہ چھاپوں کے بعد جن میں چند گرفتاریاں عمل میں آئیں جن میں گرفتار دہشت گرد کمانڈر طالب حسین شاہ کی بیوی اور ان کے بہنوئی بھی شامل ہیں۔حکام نے بتایا کہ جوائنٹ انٹروگیشن سینٹر (جے آئی سی) جموں میں کیس کی تحقیقات کے دوران کچھ اہم سراغ ملےجس کے بعد سی آئی ڈی سی آئی جموں کی ایک ٹیم نے ایس او جی راجوری کی مدد سے راجوری کے بدھل کے دراج بالائی علاقوں میں آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران، حکام نے بتایا کہ ایک موبائل فون باکس پر مبنی آئی ای ڈی برآمد کیا گیا جسے بعد میں بازیابی کے مقام پر تباہ کر دیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ برآمد شدہ آئی ای ڈی کا وزن تقریباً 650 سے 700گرام تھا۔