سرینگر//موئے تراشی کا سراغ لگانے میں حکومت کی مسلسل ناکامی کیخلاف نیشنل کانفرنس کی طرف سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ علی محمد ساگر کی قیادت میں پارٹی ہیڈکوارٹر سے برآمد ہوئی ریلی کو پولیس کی بھاری جمعیت نے شیر کشمیر پارک (پولو گراﺅنڈ) کے نزدیک روکا اور آگے جانے کی اجازت نہیں دی۔ ریلی کے شرکاءنے چوٹیاں کاٹنے کے واقعات کا سراغ لگانے میں حکومت کی ناکامی کیخلاف نعرے بازی کی اور اس سنگین مسئلے کی طرف حکومت کی غیر سنجیدگی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علی محمد ساگر نے کہا کہ موئے تراشی کے پیچھے اصل محرکات کے بارے میں باخبر ہونے کے باوجود حکومت نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ہماری ماﺅں، بہنوں اور بیٹوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کا کام ہے لیکن حکمران ٹولہ ایسا کرنے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔ کیونکہ کرسی کے بچائے رکھنا حکمران جماعت کا واحد کام رہ گیا ہے۔ حکومت کی بنیادی ذمہ داری لوگوں کی زندگیوں کو تحفظ اور اُن کی عزت و آبرو کی حفاظت کرنا ہوتا ہے۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کشمیر کو وادی کی تشویشناک صورتحال یاد دلاتے ہوئے جنرل سکریٹری نے کہا کہ موجودہ حالات کیخلاف صرف نیشنل کانفرنس ہی وادی بھر میں احتجاج نہیں کررہی ہے بلکہ دوسری جماعتیں بھی حکومت کو اپنی بنیادی ذمہ داری یاد دلانے کیلئے اس مہم میں جڑ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی، مین سٹریم، مذہبی اور سماجی و دیگر جماعتیں وادی میں جاری تشویشناک لہر کیخلاف آواز اٹھا رہی ہیں۔ نیز ہر ایک صحیح سوچ رکھنے والے شہری کیلئے یہ حالات لمحہ فکریہ ہیں لیکن ایسا محسوس ہورہاہے کہ حکمرانوں کی کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ گذشتہ ڈیڑھ ماہ میں 150سے زائد واقعات رونما ہوئے لیکن حکومت کی طرف سے ابھی تک کوئی بھی ٹھوس اقدام دیکھنے کو نہیں ملا۔ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اس معاملے میں آگے آئے اور اس مسئلے کا کوئی حل تلاش کریں تاکہ یہ معاملہ مزید سنگین نہ ہو۔ ریلی میںچودھری محمد رمضان، ناصر اسلم وانی، مبارک گل، علی محمد ڈار، محمد اکبر لون، ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، شمیمہ فردوس، شوکت حسین گنائی، محمد سعید آخون اور پیر آفاق احمد، تنویر صادق، عرفان احمد شاہ، شوکت احمد میر، غلام رسول ناز، جگدیش سنگھ آزاد، شوکت احمد گورو، شیمی اوبرائے، حاجی عبدالاحد ڈار، سلمان علی ساگر، یونس گل، احسان پردیس، سمیر اقبال بٹ، صبیہ قادری، خالدہ جی، مدثر شہمیری، خالد ٹھوکر اور دیگر لیڈران نے شرکت کی۔