بانہال // گذشتہ دنوں مہو منگت کے ایک وفد نے سب ڈویژنل مجسٹریٹ بانہال وکاس ورما سے ملاقات کی اور انہیں منگت میں قائم نیابت میں نائب تحصیلدار اور دیگر سٹاف کی کمی کے علاوہ بانہال۔ منگت رابطہ سڑک کی تعمیر کو لیکر کی جارہی کوتاہی کا معاملہ ان کی نوٹس میں لایا۔ اس وفد کی قیادت ماسٹر علی محمد کر رہے تھے۔ ایس ڈی ایم نے وفد کو غور سے سننے کے بعد انہیں یقین دلایا کہ اس معاملے میں جلد کاروائی کی جائے گی اور منگت میں تعینات کئے گئے نائب تحصیلدار کی غیر موجودگی اور نامکمل بانہال۔ منگت رابطہ سڑک کا معاملہ اعلیٰ حکام سے اٹھائیں گے۔ وفد نے ایس ڈی ایم بانہال وکاس ورما کوبتایا کہ علاقہ منگت میں نائب تحصیلدار کا دفتر کئی سال سے سٹاف کی تعیناتی کے بغیر ہے اور یہاں تعینات نائب تحصیلدار کو کھڑی میں تعینات رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے مہو ، منگت ، باوا ، اکھرن ، اڑی مرگ ، ہجوا، ارم ڈکہ ، بجناڑی ، ولو وغیرہ کے ہزاروں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیابت کیلئے کرایہ پر لی گئی عمارت کو ماہانہ تین ہزار روپئے کا کرایہ بھی ادا کیا جا رہا ہے لیکن دفتر میں نائب تحصیلدار اور دیگر سٹاف کی عدم دستابی عوام کیلئے مسلسل درد سر بنی ہوئی ہے اور چھوٹا سا کام بھی نپٹانے کیلئے لوگوں کو میلوں کا سفر طے کرکے کھڑی پہنچنا پڑتا ہے۔انہوں نے ایس ڈی ایم کو بتایا کہ بانہال۔ منگت رابطہ سڑک پچھلے8 سالوں سے پی ایم جی ایس وائی کے زیر تعمیر ہے اور اب تک اس سڑک کی کھدائی بھی مکمل نہیں کی گئی ہے جس کیلئے محکمہ پی ایم جی ایس وائی اور کام کرنے والے ٹھکیداروں کی کوتاہی اور عدم توجہی سب سے بڑی وجہ بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے نائب تحصیلدار افس نیابت منگت اور بانہال۔ منگت رابطہ سڑک کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ایس ڈی ایم بانہال وکاس ورما کو التجا کی ہے۔ وفد کے تمام مسائل سننے کے بعد ایس ڈی ایم بانہال وکاس ورما نے وفد کو یقین دلایا کہ تمام مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور منگت نیابت کو کارگر بنانے اور سڑک پر تعمیری کو تیز کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات ترجیحی بنیادوں پر انجام دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکام عوام کی مدد کیلئے ہر وقت تیار ہیں اور عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی تاکہ لوگوں کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔