جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر کی سرحدی تحصیل منکوٹ میں عوام نے کابینہ وزیر جاوید احمد رانا کا شکریہ ادا کیا ہے، جنہوں نے وزارت کا چارج سنبھالتے ہی علاقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات اٹھائے۔جاوید احمد رانا کی ہدایت پر منکوٹ میں محکمہ جل شکتی کا دفتر قائم کیا گیا اور فارسٹ ڈپو کو فعال بنایا گیا تاکہ عوام کو پانی کی سہولت کے ساتھ ساتھ آسانی سے لکڑی دستیاب ہو۔ ان اقدامات کو مقامی لوگوں نے سراہتے ہوئے انہیں انصاف کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔افتتاحی تقریب کے موقع پر نیشنل کانفرنس کے یوتھ لیڈر ذیشان رانا، اے ای ای محکمہ جل شکتی مجید چودھری، اور دیگر مقامی کارکنان موجود تھے۔ عوام نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جل شکتی دفتر کھلنے سے ان کے روزمرہ کے کام آسان ہو جائیں گے اور انہیں دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ایک مقامی رہائشی نے کہاکہ ’ہم جاوید احمد رانا کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے مسائل کو سمجھا اور ان کا فوری حل نکالا۔ فارسٹ ڈپو کے فعال ہونے سے اب ہمیں دور دراز علاقوں سے لکڑی لانے کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا‘‘۔ذیشان رانا نے بھی اس موقع پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ وزیر موصوف کی عوام دوستی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ منکوٹ تحصیل کے باقی زیر التوا کام بھی جلد مکمل کئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم عوام کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اپنی ترجیح سمجھتے ہیں تاکہ کسی کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔علاقے کے عوام نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات علاقے کی ترقی کے لئے ایک مثبت آغاز ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاوید احمد رانا کی قیادت میں منکوٹ کے مسائل حل ہونے کی رفتار میں تیزی آئے گی اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔