عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ اڑائی کی عوام اس ترقی یافتہ دور میں بھی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔ بتا دیں کہ اڑائی علاقہ کی پیراں پنچایت کی وارڈ ۷او ۸ موری ڈوبا اور پاڑا علاقہ کی عوام محکمہ جل شکتی کی طرف سے چلائی جا رہی سکیم مشن جل جیون کی منتظر ہے جس سکیم کے تحت سرکار کو ہر گھر نل سے جل پہنچانا ہے۔ علاقہ کی پیراں پنچایت کے سابق پنچ کبیر الدین کے مطابق اڑائی گاؤں تین پنچایتوں پر مشتمل ہے جن میں پندرہ ہزار کے قریب عوام آباد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تینوں پنچایتوں کے لیے سرکاری سکیم مشن جل جیون کے تحت 4.50کروڑ رو پے مختص کئے گئے تھے جس کے تحت اس علاقہ کی تینوں پنچایتوں میں گھر گھر نل سے جل پہنچانا تھا ۔انہوں نے کہا کہ بد قسمتی کی بات ہے کہ پنچایت پیراں کی دو وارڈوں کے لوگ ابھی بھی اس سکیم کے منتظر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں پانی نہ ہونے کے باعث عوام کو خاص طور علاقہ کی عورتوں کو دوسے تین میل پیدل سفر کر کے پینے کا صاف پانی حاصل کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پینے کے صاف پانی کی مشکلات کے حوالے سے انہوں نے متعدد بار ضلع پونچھ کے اعلیٰ افسران اور متعلقہ محکمہ کے افسران کو بھی بتایا مگر ابھی تک اس معاملے میں کوئی بھی سنجیدگی نہیںدکھائی گئی۔ کبیرالدین کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کو آزاد ہوئے دہائیاں گزر گئیں مگر عوام ابھی بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکار کی جانب سے چلائے جانے والی سکیم مشن جل جیون کا ان کے علاقہ میں ابھی تک کوئی بھی فائدہ نہیں ہوا انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے علاقہ کی عوام گزشتہ پانچ برس سے انتظامیہ سے گوہار لگا رہے ہیں کہ انہیں پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے ان کے مطابق علاقہ میں دہائیوں قبل ڈالی گئی پانی کی پائپ لائن بھی زنگ آلودہوگئی ہے اور وہ ہمیشہ سوکھی ہی رہتی ہے۔ ان علاقوں کی عوام نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ جلد ان علاقوں میں بہتر پینے کے پانی کا انتظام کیا جائے۔ رابطہ کرنے پر محکمہ جل شکتی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر عاشق حسین نے بتایا کہ اڑائی علاقہ میں مشن جل جیون کے تحت 45فیصدی کام ابھی تک ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اڑائی پیراں کی وارڈ 7اور آٹھ میں ابھی تک خراب موسم کی وجہ سے کام شروع نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اس علاقہ کے لوگ بھی ان کے پاس آیے تھے جنہوں نے پانی کی عدم دستیابی کے حوالے سے شکایات درج کروائی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد ان علاقہ جات میں جل پہنچایا جائے گا۔