عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی صدر مقام پر گزشتہ کافی دنوں سے عوام کو شدید سردی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ منڈی میں صبح شام یخ بستہ ہواؤں کے بیچ یہاں کے لوگوں کو شدید سردی سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ یہاں کے لوگوں کو کانگڑی اور دوسری ایسی چیزوں کو استعمال میں لانا پڑتا ہے تاکہ وہ سردی سے اپنے آپ کو بچا سکیں۔ محمد اشرف نامی منڈی کے ایک بزرگ کے مطابق منڈی قصبہ میں سردیوں کے موسم میں دھوپ نہ کے برابر لگتی ہے جس کی وجہ سے قصبہ میں سردی کافی زیادہ ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید سردی کے باعث اس قصبہ کے بیشتر لوگ دو سے تین ماہ کے لیے پونچھ یا ان جگہوں پر ہجرت کرتے ہیں جہاں صبح سے شام تک دھوپ لگتی ہو اور ان جگہوں پر سردی کم ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نظام قدرت ہے یہاں کے لوگ اپنی زندگی سردیوں کی وجہ سے سخت حالات میں گزارتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ موسم گرما میں منڈی کا علاقہ اپنی ہی ایک خاص اہمیت رکھتا ہے لیکن سردیوں کا منڈی قصبہ میں اپنا ہی اثر ہوتا ہے جہاں لوگ سردیوں سے بچنے کے لیے کانگڑی اور دوسرے گرم آلات کا استعمال کر کے اپنی زندگی گزارتے ہیں۔