عشرت حسین بٹ
منڈی//جمعہ کو ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے متعدد علاقوں میں شدید بارش ہوئی جس کی وجہ سے جہاں کسانوں نے راحت کی سانس لی وہیں پر لوگوں کو شدید گرمی سے بھی راحت حاصل ہوئی۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے اگرچہ ضلع پونچھ کے متعدد علاقوں میں بعد دوپہر سخت ہوائیں چلتی تھی مگر بارش کا کوئی بھی نام نشان نہیں تھا وہیں جمعہ کو بعد دوپہر پونچھ ضلع کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ تحصیل صدر مقام منڈی کے ساتھ ساتھ لورن اور ساوجیاں میں بھی شدید بارش ہوئی جس کی وجہ سے عام لوگوں نے شدید گرمی سے راحت لی ۔ادھر بارش نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کو بھی ان کی فصل کے حوالے سے کافی مشکالات سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ کسانوں کی فصلیں شدید دھوپ کی وجہ سے جل گئی تھیں۔ بارش ہونے کی وجہ سے کسان بھی خوش دکھائی دیے ۔مشتاق احمد نامی ایک کسان کے مطابق کسانوں نے اپنی زمینوں میں جو فصل بوئی تھی وہ گزشتہ ایک ہفتہ کی شدید دھوپ سے جلنے کے دہانے پر تھی جس سے ان کا اس برس کافی نقصان ہونے کا اندیشہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پھل دار درخت بھی دھوپ کی وجہ سے جل کر سوکھ گئے تھے مگر آج جو بارش ہوئی ہے اس کی وجہ سے اگر چہ انہیں اتنا فائدہ بھی نہیں ہوا لیکن قدر بہتر کسانوں کی فصلوں کو پانی مل گیا جس کی وجہ سے آنے والی وقت میں بہتر فصل ہونے کے امکانات ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر روزانہ دو تین دن بارش ہوتی تو اس برس کسانوں کو بہتر فصل اُگانے کا موقع فراہم ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ کسان پرُ امیدہیں کہ آنے والے دنوں میں بارش کا لگاتار سلسلہ رہے گا اور انہیں بہتر فصل ملے گی وہیں بارش کی وجہ سے گرمی میں بھی کافی کمی دیکھنے کو ملی اور عام لوگوں نے بھی راحت کی سانس لی ہے۔