عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں خستہ حال سڑکیں لوگوں کے لیے پریشانیوں کا سبب بنی ہوئی ہیں اور سڑکوں کے خستہ حال نظام سے عوام میں شدید تشویش ہے۔ منڈی تا لورن سلطان پتھری قریب ساڑھے ستارہ کلو میٹر سڑک گزشتہ کئی سال سے ابتر حالت کا شکار ہےجس کی وجہ سے آئے روز عام راہگیر،مقامی لوگ اور ڈرائیور طبقہ سخت پریشان ہوتے ہیں ۔مقامی لوگوں کے مطابق اس سڑک پر روزانہ سفر کرنا ان کے لیے بہت بڑی مشکلات کا سبب ہے ۔انہوں نے کہا کہ روزانہ اس سڑک سے ہزاروں لوگ سفر کرتے ہیں لیکن سڑک کی خستہ حالت کی وجہ سے بیشتر لوگ ہڈیوں کے مختلف امراض میں ملوث ہو گئے ہیں۔ سڑک کی خستہ حالت کے حوالے سے بشیر احمد،محمد رفیق لوہار،جمیل احمد خان و دیگران نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سال سے منڈی تا لورن سلطان پتھری سڑک بدترین حالت کا شکار ہے جس کو لیکر بارہا متعلقہ محکمہ و ضلع انتظامیہ پونچھ کے زیر غور معاملہ کو لایا گیا لیکن اس کے باوجود اس جانب کسی نے بھی کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی بےروزگاری کو دیکھتے ہوئے نوجوان طبقہ نے اپنا روزگار کمانے کے لیے بینک کے قرضوں پر گاڑیاں لی ہوئی ہیں لیکن بد قسمتی سے سڑک میں جگہ جگہ کھڈے پڑے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے گاڑیاں چند ماہ کے اندر ہی کباڑ میں تبدیل ہونے لگتی ہیں اور گاڑیوں کے مالکان کے لیے بینک قسطیں ادا کرنا بھی سخت دشوار گزار ہوچکا ہے۔ مذکورہ اشخاص کا مزید کہنا ہے کہ ٹاٹا میجک،سومو،منی بسیںوغیرہ قریب دو سو گاڑیاں منڈی لورن سلطان پتھری،بٹل کوٹ،بیلا بالا چل رہی ہیں لیکن سڑک اس قدر خستہ حال ہے کہ اب یہ گاڑیاں تباہی کے دہانے پر ہیں۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ جموں و کشمیر اور ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جلد از جلد منڈی تا لورن سلطان پتھری سڑک کا مرمتی کام شروع کر اس سڑک پرمیکڈم بچھایا جائے تاکہ عام راہگیر،ڈرائیور طبقہ اور مقامی لوگوں کی پریشانیاں حل ہوں اور عوام کو سڑک کے سبب درپیش مشکلات سے راحت مل سکے