عشرت حسین بٹ
منڈی// گزشتہ تین روز سے مسلسل جاری موسلادھار بارش کے درمیان پیر کی بعد دوپہر پونچھ کی منڈی-لورن سڑک پر براچھڑ کے مقام پر بھاری پسی گر آئی جس کی وجہ سے سڑک چار گھنٹوں تک بند رہی۔ ذرائع نے بتایا کہ سڑک پر براچھڑ کے مقام پر دونوں اطراف سے درجنوں گاڑیاں درماندہ ہوئیں۔ بتا دیں کہ اس دوران سڑک کے دونوں اطراف متعد ملازمین، بچے اور خواتین بھی درماندہ ہوئے۔ ایس ایچ لورن کلدیپ تھاپا اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر موجود تھے ۔انہوں نے بتایا کہ پسی کافی زیادہ مقدار میں آئی ہوئی تھی اور انہوں نے متعلقہ محکمہ کو اس سلسلے میں مطلع کیا جس کے بعد محکمہ تعمیرات عامہ کے مکینیکل وینگ نے مشینری کے ذریعے ملبے کو صاف کیا اور سڑک کو ٹریفک کے آمد و رفت کے لیے بحال کر دیا گیا۔ دریں اثنا براچھڑ کے علاقہ میں شدید ژالہ باری اور بارش کی وجہ سے عارضی راستوں کے ساتھ ساتھ علاقہ کے سابقہ سرپنچ قمرالدین شاہ کے دو منزلہ مکان کی مغربی دیوار توڑ کر مکان کے اندر پانی آیا جس کی وجہ سے رہائشی مکان کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ۔ اس دوران ابل خانہ نے مشکل سے اپنی جان پچائی۔ شدید بارش کی وجہ سے تحصیل منڈی کے متعدد علاقوں کو جانے والی سڑکوں کو جزوی طور پر نقصانات کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔