عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتے کے روز یہاں فوج کے بہادر جوانوں لانس حوالدار پالاش گھوش اور لانس نائک سوجے گھوش کی میتوں پر پھول مالائیں چڑھا کر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
واضح رہے کہ لانس حوالدار پالاش گھوش اور لانس نائک سوجے گھوش نے کشتواڑ رینج کے کوکرناگ جنگلاتی علاقے میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران انتہائی سخت موسمی حالات میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
منوج سنہا نے ان جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا: ‘میں اپنے بہادر فوجی جوانوں لانس حوالدار پالاش گھوش اور لانس نائک سوجے گھوش کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں’۔
انہوں نے کہا: ‘قوم ہمیشہ اپنے جوانوں کی غیر معمولی بہادری اور بے لوث خدمت کی شکر گذار رہے گی’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہم اپنے شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ اس غم کی گھڑی میں مکمل یکجہتی کرتے ہیں’۔
فوج نے بتایا کہ 6 اور 7 اکتوبر کی درمیانی رات کو کشتواڑ رینج میں ایک آپریشنل ٹیم کو جنوبی کشمیر کے پہاڑوں میں شدید برفانی طوفان اور وائٹ آؤٹ (نظر نہ آنے والے) صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا: ‘ اس کے بعد دو فوجی جوانوں کے ساتھ رابطہ منقطع ہوا،وسیع پیمانے پر تلاش اور بچاؤ آپریشن شروع کیا گیا ہے لیکن موجودہ خراب موسمی حالات کی وجہ سے اس میں مشکلات درپیش ہیں’۔
فوج نے اس واقعے کے بعد علاقے میں لاپتہ جوانوں کی تلاش کے لئے وسیع پیمانے پر آپریشن کو جاری رکھتے ہوئے 9 اکتوبر کو ایک جبکہ دوسرے روز یعنی 10 اکتوبر کو دوسرے لاپتہ جوان کی لاش بر آمد کی گئی ـ