جموں//سرکار ی اشتہاری کی ادائیگی کےلئے اخباروں اور جریدوں کی ایمپنلمنٹ کے حوالے سے جون 2015ءمیں ریاستی سرکار کی طرف سے تشکیل دی گئی ایمپنلمنٹ کمیٹی کی میٹنگ محکمہ اطلاعات کے فائنانشل کمشنر بی بی ویاس کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔میٹنگ میں کمیٹی کے ممبران ناظم اطلاعات ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری ،سپیشل سیکرٹری فائنانس ایم راجو، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ خالد جہانگیر ، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات آر کے کٹوچ ، جوائنٹ اطلاعات ہیڈ کوارٹر س عبدالمجید زرگر، ایسوسی سیٹ پروفیسر ایم ای آر سی سرینگر صبیحہ مفتی ،سپیشل آفیسر آئی آئی ایم سی جموں منوہر کھجوریہ کے علاوہ محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔کمیٹی نے سرکاری اشتہاری کی واگذاری کے لئے منظور شدہ اخباروں اور جریدوں کی زمرہ بندی کے لئے اپنائے جانے والے طریقہ کار کی توثیق کی۔ کمیٹی نے محسوس کیا کہ اشتہاری پالیسی 2016ءکے مطابق منظور شدہ اخباروں اور جریدوں کو مختلف نکات کے عوض اے ، بی ، سی اور ڈی زمروں میں رکھا جائے گا۔ان میں پبلکیشن کےلئے 50 پوائنٹ ، ہئیت اور تحریری مواد کے معیار کے لئے 20پوائنٹ ، بنیادی ڈھانچے اور عملے کے لئے 20پوائنٹ جبکہ ادارہ جاتی ڈھانچہ کے لئے 10پوائنٹ دئیے جائیں گے ۔جو اخبارات اور جریدے 81سے 100پوائنٹ حاصل کریںگے انہیں اے زمرے میں رکھا جائے گا ، جو 61سے 80 پوائنٹ حاصل کریں گے انہیں بی زمر ے میں ، جو 41سے 60 پوائنٹ حاصل کرےں گے انہیں سی زمرے میں جبکہ 40پوائنٹ تک حاصل کرنے والے اخبار اور جریدے ڈی زمرے میں رکھے جائیں گے۔کمیٹی نے کشمیر اور جموں صوبہ کے لئے اشتہاری پالیسی 2016 ءکے سیکشن 6.1 کے عین مطابق موجودہ ایمپنلڈ اخباروں اور جریدوں کا جائزہ لینے کے لئے دو کمیٹیاں تشکیل دینے کو بھی منظوری دی۔میٹنگ میں الیکٹرانک اور آن لائن میڈیا کے لئے اشتہارات کی اجرائی کےلئے رہنما خطوط پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ آئی ٹی، قانون ، فائنانس ،داخلہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندو پر مبنی ایک ٹیکنیکل سب کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو الیکٹرانک اور آن لائن میڈیا کےلئے اشتہارات کی اجرائی کے لئے رہنما خطوط کو تقویت بخشےں گے۔میٹنگ میں کئی نئے اخباروں اور جریدوں کی ایمپنلمنٹ کے نئے معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور یہ فیصلہ لیا گیا کہ محکمہ اطلاعات کمیٹی کی طرف سے وضع کی گئی سفارشات کے مطابق اِن اخباروں اور جریدوں کی فہرست تیار کرے گی۔اس دوران محکمہ اطلاعات نے کہا کہ وادی کشمیر میں دو پارلیمانی حلقوں کے ضمنی انتخابات کے اعلان کے بعد مثالی ضابطہ عمل لاگو ہوا ہے جس کے نتیجے میں سرکاری اشتہارات کی اجرائی میں کمی آئی ہے۔ ناظم اطلاعات ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کہا کہ اشتہارات میں کمی کے باوجود محکمہ درج شدہ اخبارات اور جریدوں کے حق میں اشتہاری پالیسی 2016ءکے رہنما خطوط کے مطابق اشتہارات کی اجرائی میں منصفانہ ردِّ عمل اپنا رہا ہے تاکہ ان اشاعتوں کو مالی معاونت یقینی بنائی جاسکے۔تفصیلات دیتے ہوئے ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کہا کہ جنور ی 2017ءمیں کشمیر صوبے میں درج شدہ اخباروں اور جریدوں کے حق میں جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کشمیرنے 1.05 کروڑ روپے کے مجموعی طور 188423 کالم سینٹی میٹر کے اشتہارات اجرا کئے جبکہ فروری 2017ءمیں 91.91لاکھ روپے مالیت کے 164606 کالم سینٹی میٹر کے اشتہارات اجراکئے گئے اور اس میں 23817 کالم سینٹی میٹر کی کمی درج کی گئی ۔ انہوںنے کہا کہ مثالی ضابطہ عمل کو لاگو کرنے کے بعد اشتہارات میں مزید کمی درج کی گئی اور رواں مہینہ کی 15تاریخ تک 3236846روپے مالیت کے 60570کالم سینٹی میٹر اشتہارات جاری کئے گئے ہیں۔