عظمیٰ نیوزسروس
ادھم پور// چیف الیکٹورل آفیسرجموںوکشمیر پانڈورانگ کے پولے نے آئندہ اسمبلی اِنتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ضلع اودھمپور کا تفصیلی دورہ کیا۔نوڈل اَفسران اور اِنتخابی عمل میں شامل ملازمین نے منعقدہ جائزہ میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ کے آغاز میں ضلع چنائو آفیسر اودھمپور سلونی رائے نے تفصیلی حلقہ وار پاورپوائنٹ پرزنٹیشن پیش کی جس میں آئندہ عام اسمبلی اِنتخابات کے پُرامن اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات کا خاکہ پیش کیا گیا۔چیف الیکٹورل آفیسر نے ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی عمل آوری، اَخراجات کی نگرانی، سیکورٹی پلان، ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونی کیشن پلان کے علاوہ وِی ایس ٹی اور فلائنگ سکارڈ، پولنگ عملے کی تربیت، پولنگ سٹیشنوں پر اے ایم ایف، سویپ سرگرمیوں اور آئندہ عام اسمبلی انتخابات کے پُرامن اِنعقاد کے لئے کئے گئے دیگر اقدامات کے حوالے سے حلقہ وار تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کے رہنماخطوط پر سختی سے عملانے پر زور دیا اور نوڈل افسران سے کہا کہ وہ منصفانہ ، شفاف اور پُرامن اِنتخابی عمل کو یقینی بنائیں۔ اُنہوںنے الیکشن کمیشن کے اصولوں کی تعمیل کرتے ہوئے ضبطی سے متعلق کسی بھی معلومات کو فوری طور پراشتراک کرنے اور اَپ لوڈ کرنے پر بھی زور دیا۔ دورانِ میٹنگ چیف الیکٹورل آفیسر نے ایس وِی اِی اِی پی کے دو اہم اقدامات یعنی سویپ(ایس وِی اِی اِی پی) سانگ اور کافی ٹیبل بک کا اِجرأکیا جن کا مقصد زیادہ سے زیادہ رائے دہندگان کی بیداری اور شرکت کو فروغ دینا ہے۔ اُنہوں نے پیسے یا دیگر ذرائع سے رائے دہندگان کو متاثر کرنے کی کوششوں کے خلاف سخت کارروائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نوڈل افسروں پر زور دیا کہ وہ چوکس رہیں۔سی ای او نے میڈیا سینٹر اور ڈِسٹرکٹ کنٹرول روم کا دورہ کیا جو پیڈ نیوز کی نگرانی اور ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ ( ایم سی سی )کی خلاف ورزیوں سے متعلق شکایات بالخصوص سی ۔ویجل ایپ کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کے ازالے کے لئے قائم کیا گیا ہے ۔اُنہوں نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ ان سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ شفافیت بڑھانے اور اِنتخابی سا لمیت کو برقرار رکھنے کے لئے ان سہولیات کو جدید بنیادی ڈھانچے سے لیس کیا گیا ہے۔بعد میں چیف الیکٹورل آفیسر نے ضلع چنائو آفیسر کے ہمراہ گورنمنٹ کالج فاروومن میں نامزد کائونٹنگ سینٹروں اور سٹرانگ روموں کا معائینہ کیا جہاں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو محفوظ طریقے سے رکھا جائے گا۔اُنہوں نے گرین سویپ اَقدام کے ایک حصے کے طور پر جی سی ڈبلیو میں ایک پودا لگایا جو اِنتخابی بیداری اور ماحولیاتی دیرپایت کے عزم کی علامت ہے۔یہ دورہ گورنمنٹ ڈگری کالج بوائز اودھمپور میں ایک ثقافتی پروگرام کے ساتھ اِختتام پذیر ہوا جس کا اِنعقاد ڈِسٹرکٹ سویپ( ایس وِی اِی اِی پی) ٹیم نے کیا تھا۔یہ پرفارمنس جمہوری عمل میں فعال شہریوں کی شرکت کو ترغیب دینے کے لئے ڈیزائن کیا گیا تھا۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے ضلعی اِنتظامیہ کی کوششوں کی ستائش کی اور اسمبلی اِنتخابات 2024 کی سا لمیت کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل چوکس رہنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے انتخابی عمل کے دوران الیکشن کمیشن کے رہنما خطوط پر عمل کرنے پر زو ردیا۔