عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کو کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی نوجوان منشیات کے زیر اثر نہ ہو اور ملک محفوظ اور غیر قانونی مادوں سے پاک ہو۔شاہ نے یہ بات “منشیات کی اسمگلنگ اور قومی سلامتی” کے موضوع پر ایک کانفرنس میں کہی جس کے دوران انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ملک کے مختلف حصوں میں 2,381 کروڑ روپے مالیت کی 1.40 لاکھ کلوگرام سے زیادہ منشیات کی تباہی کو دیکھا۔انہوں نے کہا ’’ہمارا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی نوجوان منشیات کی زد میں نہ آئے،ہمارا مقصد ملک کو منشیات سے پاک اور محفوظ بنانا ہے، میں تمام وزرائے اعلی اورلیفٹیننٹ گورنرزسے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس کے لیے ہر ممکن تعاون کریں‘‘۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پچھلے ایک سال میں 12000 کروڑ روپے کی 10 لاکھ کلو منشیات کو تباہ کیا گیا اور یہ ایک بہت اہم کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی امرت مہوتسو میں اتنے بڑے مقصد کو پورا کرنے میں شامل تمام لوگوں کو بہت بہت مبارکباد۔
انہوں نے کہا کہ جب تمام ایجنسیوں کے ساتھ ریاستی اور مرکزی حکومتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوں گی تب ہی ہم ملک کو منشیات سے پاک کرنے میں کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم تعاون، ہم آہنگی اور اشتراک کے ساتھ ‘پورے حکومتی نقطہ نظر’ پر عمل پیرا ہو کر منشیات کے خلاف اس مہم میں کامیاب ہو سکیں گے۔شاہ نے کہا جب تک منشیات کے سمگلروں کی مالی زنجیر نہیں ٹوٹتی، منشیات کے خلاف جنگ مکمل نہیں ہوتی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے کسی ایک منزل یا اس کے لیے ایک ہدف کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔”یہ مسلسل چوکسی کا عمل ہے، ایک لمحے کی سستی پوری تحریک کو خراب کر سکتی ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ تباہ کی گئی منشیات میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (NCB) حیدرآباد یونٹ کے ذریعہ ضبط کی گئی 6,590 کلو گرام، اندور یونٹ کے ذریعہ ضبط کی گئی 822 کلو گرام اور جموں یونٹ کی جانب سے 356 کلو گرام ضبط کی گئی ہے۔اس کے علاوہ، مختلف ریاستوں سے مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی منشیات کو تباہ کیا – مدھیہ پردیش میں( 1,03,884 )1.03 لاکھ کلو گرام، آسام میں 1,486 کلو گرام، چندی گڑھ میں 229 کلو گرام، گوا میں 25 کلو گرام، گجرات میں 4،277 کلو گرام، ہریانہ میں 2،458 کلوگرام جموں و کشمیر میں 4,069 کلوگرام، مہاراشٹر میں 159 کلوگرام، تریپورہ میں 1,803 کلوگرام اور اتر پردیش میں 4,049 کلوگرام۔پیر کو منشیات کی تباہی کے ساتھ، صرف ایک سال میں تباہ ہونے والی منشیات کی کل مقدار تقریباً 10 لاکھ کلوگرام تک پہنچ گئی ہے جس کی مالیت 12ہزار کروڑ روپے ہے۔ یکم جون 2022 سے 15 جولائی 2023 تک، NCB کی علاقائی اکائیوں اور ریاستوں کی انسداد منشیات ٹاسک فورسز نے مجموعی طور پر تقریباً 9,580 کروڑ روپے کی منشیات ضبط کیں جو کہ ہدف سے 11 گنا زیادہ ہے۔