مشتاق الاسلام +فیاض بخاری
شوپیان/بارہمولہ/منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈائون میں ایک بار پھر تیزری آگئی ہے ۔ پولیس نے شوپیاں میں بد نام زمانہ منشیات فروشوں کی کروڑوں روپیہ مالیت کی غیر منقولہ جائیدادوں کو قرق کر دیا ہے ۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایس ایس پی شوپیاں کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے یعقوب شاہ ولد سلطان شاہ اور عادل حسین شاہ ولد محمد یعقوب شاہ ساکنان راولپورہ شوپیاں کی جائیداد کو ضبط کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ قرق شدہ جائیداد میں پالپورہ شوپیاں میں دو کنال اراضی، چودھری گنڈ شوپیاں میں ایک کنال اٹھارہ مرلہ اراضی اور ہر گام شوپیاں میں ایک دکان شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن میں درج ایک مقدمے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت انجام دی گئی۔موصوف ترجمان نے کہا کہ تحقیقات کے دوران جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور حاصل شدہ جائیداد کے طور پر ہوئی ہے ۔ان کا کہنا تھا: ‘یہ جائیداد پہلی نظر میں منشیات فروش کی طرف سے نشہ آور اور ادویات اور سائیکو ٹراپک مواد کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی تھی’۔ادھر پولیس پوسٹ ہمہامہ کو ائر پورٹ پر قائم سی آر پی ایف کی 35 بٹالین کے او سی ڈراپ گیٹ سے ایک خط موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ ایک شخص مشکوک حالت میں گھوم رہا ہے ۔پولیس نے فوری کارروائی کرکے منشیات فروش راج سنگھ ولد گوپی چند ساکن اگہار جتو پونگھٹ اودھم پورکو گرفتار کیا اور تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے قریب 2.96 گرام فکی بر آمد کی گئی اور اس جرم کے ارتکاب کے لئے استعمال کی جانے والی گاڑی بھی ضبط کی گئی۔ادھر پولیس اسٹیشن بارہمولہ کی ایک پولیس پارٹی نے ایس ایچ او پولیس تھانہ بارہمولہ کی سربراہی میں کانسپورہ سنگھ پورہ کراسنگ پر قائم ایک چوکی پر تین افراد کو روکا جن کی شناخت عاقب سلام بٹ ولد عبدالسلام، یاسر احمد بٹ ولد فیاض احمد ساکنان شیروانی کالونی خواجہ باغ اور سمرن جیت سنگھ ولد مرحوم پرمیندر سنگھ ساکن سنگھ پورہ کلان بارہمولہ کے طور پر کی گئی ہے۔تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے 30 گرام ممنوعہ براؤن شوگر برآمد ہوا۔ انہیں گرفتار کرکے پی ایس بارہمولہ منتقل کردیا گیا ہے جہاں وہ زیر حراست ہیں۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔اس دوران سوپور میں پولیس پارٹی نے چیک ہیگام کراسنگ پر ایک مشکوک شخص کو گرفتار کیا۔ دوران تلاشی اس کے قبضے سے ممنوعہ منشیات کے 144 کیپسول برآمد کر لیے۔ اس کی شناخت اعزاز احمد لون ولد غلام محمد لون ساکنہ کرنکشیون سوپور کے طور پر کی گئی ہے۔ اسے گرفتار کر کے پی ایس منتقل کر دیا گیا ہے