محمد تسکین
بانہال // گذشتہ دنوں بانہال میں ایک 18سالہ نوجوان کی منشیات کے مبینہ استعمال سے ہوئی موت پر مختلف سیاسی اور سماجی جماعتیں منشیات کی وبا کو سماج سے ختم کرنے کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔ قصبہ بانہال میں کانگریس کے کارکنوں کی طرف سے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت سینئر کانگریس لیڈر اور ڈی ڈی سی کونسلر بانہال امتیاز احمد کھانڈے نے کی۔اس موقع پر امتیاز احمد کھانڈے نے بانہال کے علاقوں میں منشیات کے مسلسل پھیلاؤ اور اس سے ہورہی ہلاکتوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سرکار کو سخت اور فوری اقدامات کا مطالبہ کیا یے تاکہ نوجوان نسل کو اس تباہی سے بچایا جا سکے ۔کھانڈے نے سرکار پر چوٹ کرتے ہوئے کہا کہ سرکار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور روزگار دینے کے بجائے سرکار نے جگہ جگہ پر شراب کی دکانیں کھولی رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس جماعت کی طرف سے تمام علاقوں میں منشیات کے عادی افراد اور اس کی تجارت کرنے والوں پر نظر رکھنے کیلئے خفیہ کمیٹیوں کا انعقاد کریگی اور یہ ہماری طرف سے پولیس اور انتظامیہ کیلئے ایک تعاون ہوگا۔ انہوں نے ہاتھ جوڑ کر والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے کھلتے گلاب جیسے بچوں کی حرکات و سکنات پر کڑی نگاہ رکھیں اور منشیات کی لت میں مبتلاء بچوں کو بچانے کیلئے پولیس انتظامیہ سے رابطہ کریں تاکہ ان کی بازآبادکاری مراکز میں علاج کرکے ان کی قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے ۔ضلع ترقیاتی کونسلر امتیاز کھانڈے نے پولیس کو الٹی میٹم دیا کہ وہ دو دن کے اندر اندر اُس ڈرگ سپلائر کو گرفتار کرےجس کی وجہ سے قصبہ بانہال کے ہولن گائوں کا ایک اٹھارہ سالہ نوجوان منشیات کے مبینہ اوور ڈوز کی وجہ سے ہلاک ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر دو روز میں کوئی مثبت کاروائی نہیں کی گئی تو وہ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔