بارہمولہ // منزگام بارہمولہ میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت ہے جس کی وجہ سے درجنوں دیہات کے لوگ ناصاف پانی پینے پر مجبور ہیں۔ مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای حکام پر الزام عائد کر تے ہوئے بتا یا کہ محکمہ ہذا کے متعلقہ افسران کی عدم توجہی سے پانی کی سپلائی بُری طرح متاثر ہوئی ہے اور لوگ ناصاف پانی پینے پر مجبور ہیں۔ جس سے مہلک اور خطرناک بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خطر ہ بھی لاحق ہے۔ ایک مقامی شہری مشتاق احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ اگر چہ علاقے میں ایک واٹرٹنکی نصب ہے تاہم متعلقہ محکمہ کی غفلت شعاری کی وجہ سے وہ کافی خستہ حال ہوچکی ہے اس کے ساتھ ساتھ ٹینکی کے کئی حصوں میں سراخ بھی ہوگئے ہیںاور اُس میں گندہ پانی جمع ہوا ہے لیکن بدقسمتی سے محکمہ کا کوئی اہلکار یہاں پر تعینات نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقے کے لوگوں نے کئی بار متعلقہ محکمہ کو اس سلسلے میں مطلع کیا تھا تاہم انہوں نے اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اگر چہ کچھ ملازم یہاں پر تعینات تھے لیکن نامعلوم وجوہات کے بنا پر اُن کو یہاں سے تبدیل کیا گیا ہے ۔ مقامی لوگوںنے متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا کہ علاقے کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات کریں تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات سے راحت مل سکے۔