پرویز خان
منجا کوٹ // تحصیل ہیڈ کوارٹر منجا کوٹ پر جموں وکشمیر بینک کی جانب سے نصب کردہ اے ٹی ایم مشین خراب ہونے کی وجہ سے تحصیل کے صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہو گئی ہیں ۔صارفین نے بینک حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی دنوں سے ان کو مذکورہ مشکل کا سامنا ہے لیکن حکام کی جانب سے کسی بھی تکنیکی ٹیم نے خراب مشین کا نہ ہی معائینہ کیا اور نہ ہی اس کو تبدیل کرنے کیلئے کوئی عملی قدم اٹھایا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ منجا کوٹ تحصیل بالخصوص تحصیل ہیڈ کوارٹر پر جموں وکشمیر بینک کی جانب سے صرف ایک اے ٹی ایم مشین نصب کی گئی ہے جبکہ مذکورہ مشین کے خراب ہونے کی وجہ سے بینک میں لوگوں کا بھاری رش دیکھنے کو مل رہا ہے ۔لوگوں نے مقامی انتظامیہ کیساتھ ساتھ جموں وکشمیر بینک حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ خراب مشین کو جلدازجلد تبدیل کر کے نئی مشین نصب کی جائے تاکہ لوگوں کی دقتیں کم ہو سکیں ۔