منجا کوٹ //تحصیل منجاکوٹ کے پنچایت حیات پورا کا وارڈ نمبر 4/5اور 7 پانی سے محروم ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھاکہ ان واڑوں میں کوئی بھی پائپ لائنیں نہیں بچھائی گئی اور کئی کلومیٹر دور سے جا کے خواتین کو استعمال کیلئے پانی لانا پڑتا ہے ۔لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ محکمہ کی طرف سے ایک ہینڈ پمپ لگایا گیا ہے، لیکن اس میں پانی ہی دستیاب نہیں ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ نہ صرف انہیں بلکہ مال مویشوں کیلئے بھی ان واڑوں کے لوگوں کو پانی کا ایک قطرہ تک دستیاب نہیں ہے ۔ انہوں نے محکمہ جل شکتی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے متعدد بار محکمہ کے حکام سے رابطہ قائم کیا اور انہیں اپنی مشکلات سے آگاہ کیا لیکن اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی اور یہاں کے لوگ پانی کی بوندھ بوندھ کیلئے ترس رہے ہیں ۔ایک مقامی شہری بدر حسین نے بتایا کہ ہماری خواتین کو پانی کے حصول کیلئے کئی کلو میٹر دور جانا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا جب حکام یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ ہر گھر میں پانی کی سہولت پہنچے گی، مگر افسوس کہ یہاں کی خواتین کے سروں سے پانی کے مٹکے نہیں اتر رہے ہیں ۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان واڈوں میں پانی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازلہ ہو سکے ۔