جموں//چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے ضلعی ترقیاتی پروجیکٹوں اور دیگر مختلف سرکاری پروگراموں اور اسکیموں کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔ مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں ، جموں اور کشمیر کے صوبائی کمشنروں ، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور متعلقہ ایچ او ڈیز نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ ضلع کیپکس کے تحت کئے جانے والے ترقیاتی کاموں کے سابقہ جائزے کو جاری رکھتے ہوئے چیف سیکریٹری نے شناخت شدہ کاموں کے الاٹمنٹ پر تشویش کا اظہار کیا اور ان کاموں پر جلد عمل درآمد شروع کرنے کی ہدایت دی ۔انہوںنے پٹاخوں کی فروخت کو ریگو لیٹ کرنے کے سپریم کورٹ کے حکم کا حوالہ دیا جس کیلئے محکمہ جنگلات نے نتیجہ خیز احکامات بھی جاری کئے ہیں اور ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ وہ کووڈ کے مناسب رویہ اور متعلقہ ایس او پیز کو مکمل طور نافذ کریں ۔ڈاکٹر مہتا نے تمام اضلاع میں مختلف معمولی معدنیات کے مروجہ بازاری نرخوں کا جائزہ لیا اور صوبائی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ مرکزی زیر انتظام علاقے میں مناسب نرخوں پر تعمیراتی مواد کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے قیمتوں کی سختی سے نگرانی کریں ۔ اسی طرح سبھی اضلاع کے سربراہوں کو ہدایت دی کہ وہ کموڈٹی پرائس مانیٹرنگ میکانزم کو فعال بنائیں تا کہ اشیائے ضروریہ کی مطلع شدہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ چیف سیکریٹری نے ہاوسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ اور دیہی ترقی کے محکموں سے مزید کہا کہ وہ سائنسی طور پر کچرے کو الگ کرنے اور ٹھکانے لگانے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے صفائی کے منصوبوں کی تشکیل کو تیز کریں ۔